کھیل

صہیب کی جارحانہ بیٹنگ، زلمی کو ملتان سلطانز کے ہاتھوں شکست

پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کے 16ویں میچ میں صہیب مقصود کی ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو فتح کیلئے 184 رنز کا ہدف دیا ہے۔

صہیب مقصود کی جارحانہ بیٹنگ اور سہیل تنویر کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت ملتان سلطانز نے پی ایس ایل کے اہم میچ میں پشاور زلمی کو 19 رنز سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔

ملتان سلطانز کے اوپنرز کمار سنگاکارا اور احمد شہزاد نے اپنی ٹیم کو 51 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا لیکن لیام ڈاسن نے 28 رنز بنانے والے سنگاکارا کی مزاحمت کا خاتمہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی۔

صہیب مقصود شروع سے ہی جارحانہ موڈ میں نظر آئے اور شہزاد کے ساتھ دوسری وکٹ کیلئے 56 رنز جوڑے لیکن دوسرے اینڈ سے احمد شہزاد نے انتہائی محتاط بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 37 گیندوں پر اتنے ہی رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان شعیب ملک 13 رنز بنا سکے۔

جب ملک آؤٹ ہوئے تو ایسا محسوس ہوتا تھا کہ ملتان سلطانز صرف 150 رنز بنانے میں ہی کامیاب رہیں گے لیکن اختتامی اوورز میں صہیب مقصود نے جارحانہ انداز اپنایا اور آخری تین اوورز میں 42 رنز بنا کر اسکور کو 183 تک پہنچا دیا۔

ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے، صہیب مقصود نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے سات چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 42 گیندوں پر 85 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ پولارڈ نے آٹھ گیندوں پر دو چھکوں کی مدد سے 16 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی جلد ہی اپنے دونوں اوپنرز کامران اکمل اور آندرے فلیچر سے محروم ہو گئی جس کے بعد محمد حفیظ اور ڈیوین اسمتھ وکٹ پر یکجا ہوئے۔

دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرائی لیکن کیرن پولارڈ نے باؤلنگ پر آتے ہی پہلی گیند پر ہم وطن اسمتھ کو آؤٹ کر کے زلمی کو تیسرا نقصان پہنچایا۔

ایونٹ میں پہلا میچ کھیلنے والے رکی ویسلز اور حفیظ نے بھی چوتھی وکٹ کیلئے 49 رنز جوڑ کر ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی لیکن محمد عرفان نے ویسلز کی اننگز کے آگے فل اسٹاپ لگا دیا۔

لیام ڈاسن نے نپی تلی باؤلنگ کے بعد بیٹنگ میں بھی جارحانہ انداز اپنایا اور تین چھکوں کی مدد سے 17 گیندوں پر 32 رنز کی اننگز کھیل کر پشاور زلمی کی میچ میں واپسی کی کوشش کی لیکن ان کے آؤٹ ہوتے ہی زلمی کی میچ میں واپسی کی تمام تر امیدیں دم توڑ گئیں۔

پشاور زلمی مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنا سکی، حفیظ نے 56 رنز کی باری کھیلی۔

سہیل تنویر نے شاندار نپی تلی باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار اوورز میں صرف 14 رنز دے کر تین وکتیں لیں جبکہ پولارڈ بھی تین وکٹیں لینے میں کامیاب رہے، عرفان نے دو کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔

میچ کیلئے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔