پشاور زلمی، بروقت رفتار پکڑتے ہوئے!
پشاور زلمی پاکستان سُپر لیگ کی پوری تاریخ کی کامیاب ترین ٹیم ہے۔
دفاعی چیمپیئن کی حیثیت سے اِس بار بھی ٹائٹل جیتنے کے لیے فیورٹ تھی لیکن زلمی جیسے ہی سیزن-3 میں آئی تو پہلے ہی قدم پر اُنہیں بہت بڑا دھچکا لگا کیونکہ افتتاحی مقابلے میں ہی مُلتان سلطانز نے اسے ہرا دیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف جیت کر اپنے اوسان بحال کیے ہی تھے کہ کراچی کنگز نے بھی زلمی کو پچھاڑ دیا۔ یوں 3 میچز میں 2 ناکامیوں کے بعد ہر طرف سے سوال اٹھنے لگا کہ کیا شاہد آفریدی کے بعد پشاور کے جذبوں میں کمی آ گئی ہے یا اُس سے قسمت روٹھ گئی ہے؟
حقیقت یہ ہے کہ جس طرح مُلتان اور کراچی کے ہاتھوں شکست ہوئی، اس میں قسمت کا کم اور ناقص کارکردگی کا زیادہ کردار نظر آتا ہے۔ پشاور زلمی مُلتان کے خلاف 152 رنز کے ہدف کا دفاع نہ کر پائی اور کراچی کے خلاف صرف 131 رنز بنا سکی۔ اس کارکردگی کے بعد شکست کی ذمہ داری کارکردگی پر ہی ڈالی جاسکتی ہے، نہ کہ قسمت پر۔