کھیل

عمران طاہر کی ہیٹ ٹرک، ملتان سلطانز نو وکٹ سے کامیاب

عمران طاہر کی شاندار ہیٹ ٹرک کی بدولت ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو نو وکٹوں سے شکست دے کر تیسری کامیابی حاصل کی۔

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے 13ویں میچ میں ملتان سلطانز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد نو وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں تیسری فتح اپنے نام کر لی۔

شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے تاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کپتان سرفراز احمد کے سوا کوئی بھی بلے باز متاثر کن کھیل پیش نہ کر سکا جنہوں نے 30 رنز بنائے۔

ایک موقع پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 12 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 92 رنز بنائے تھے اور ایسا محسوس ہوتا تھا کہ وہ باآسانی 150 رنز بنانے میں کامیاب رہیں گے لیکن گلیڈی ایٹرز کے بلے بازوں کے غیر ذمے دارانہ کھیل اور ملتان سلطانز کے باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ نے کھیل کا پانسہ پلٹ دیا۔

اس کے بعد سہیل تنویز نے لگاتار گیندوں پر محمد نواز اور سرفراز کو چلتا کیا جس کے بعد عمران طاہر نے اگلے ہی اوور میں لگاتار تین گیندوں پر حسان خان، جان ہیسٹنگز اور راحت علی کو آؤٹ کر کے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کر کے کوئٹہ کی بساط 102 رنز پر لپیٹ دی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بدترین بیٹنگ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے آخری پانچ وکٹیں صرف ایک رن کے اضافے سے گنوائیں۔

ملتان سلطانز کی جانب سے سہیل تنویر اور عمران طاہر نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کے اوپنرز کمار سنگاکارا اور احمد شہزاد نے اپنی ٹیم کو 66 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کر کے لو اسکورنگ میچ میں ٹیم کی جیت یقینی بنا دی۔

احمد شہزاد 35 گیندوں پر 27 رنز بنانے کے بعد حسان خان کی وکٹ بنے لیکن اس کے بعد سلطانز کو ہدف کے حصول میں کوئی مشکل پیش نہیں آئی اور انہوں نے 20 گیندوں قبل ہی نو وکٹوں سے فتح حاصل کر کے ایونٹ میں تیسری فتح اپنے نام کر لی۔

کمار سنگاکارا 51 اور صہیب مقصود 26 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

سہیل تنویز کو عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔