کھیل

پی ایس ایل: ملتان کا ٹکراؤ کوئٹہ سے، پشاور اور لاہور بھی اپنی قسمت آزمائیں گے

شارجہ میں کھیلا جانے والا پہلا میچ پاکستان وقت کے مطابق شام ساڑھے 4 بجے جبکہ دوسرا میچ رات 9 بجے ہوگا۔

پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) سیزن 3 میں آج دو میچز کھیلے جائیں گے، پہلا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطان جبکہ دوسرا میچ دفاعی چمپئن پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

شارجہ میں کھیلے جانے والے میچز میں پہلا میچ پاکستان وقت کے مطابق شام ساڑھے 4 بجے جبکہ دوسرا میچ رات 9 بجے کھیلا جائے گا۔

آج کھیلے جانے والے پہلے میچ کی بات کی جائے تو ملتان سلطان اس سیزن میں پہلی بار حصہ لے رہی ہے لیکن اس کی پرفارمنس اب تک کافی شاندار رہی ہے اور بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں اچھی کارکردگی سے شائقین کو اپنی طرف مبذول کردیا ہے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 3، کچھ مثبت اور کچھ منفی پہلوؤں پر ایک نظر

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کی بات کی جائے تو 2 بار پی ایس ایل کا فائنل کھیلنے والی کوئٹہ کی ٹیم اس ایونٹ میں اتنی متاثر کن کارکردگی پیش نہیں کرسکی، جس کی شائقین کو امید تھی۔

دونوں ٹیموں کے کھلاڑٰوں کی بات کی جائے تو ملتان سلطان کو کپتان شعیب ملک، کمار سنگارا، احمد شہزاد، ڈیرن براوو، عمران طاہر اور عمر گل جیسے مایہ ناز کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہے تو وہیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، کیون پیٹرسن، شین واٹسن، رلی روسو، انور علی اور اسد شفیق جوہر دکھانے کو تیار ہیں۔

پی ایس ایل 3 میں آج کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں دفاعی چمپئن پشاور زلمی کا ٹاکرا لاہور قلندرز سے ہوگا۔

ایونٹ میں اب تک کوئی بھی میچ نہ جیتنے والی لاہور قلندرز کی ٹیم اپنا پہلا میچ جیتنے کی کوشش کرے گی تو وہیں پشاور کی ٹیم میچ جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کی کوشش کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور کے زوال کی داستان، انچ بائے انچ!

دونوں ٹیموں پر اگر نظر ڈالی جائے تو پشاور کی ٹیم ڈیرن سیمی کی قیادت میں کافی پرجوش نظر آتی ہے جبکہ انہیں کامران اکمل، تمیم اقبال، رکی ویسلز، وہاب ریاض جیسے کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہے تو لاہور کی ٹیم بھی کھلاڑیوں کے اعتبار سے کسی طرح کمزور نہیں اور ٹیم میں کپتان برینڈم میکیولم، عمر اکمل، فخر زمان، کرس لن، سہل خان اور یاسر شاہ سمیت دیگر اہم کھلاڑی شامل ہیں۔