کھیل

کراچی کنگز اور ملتان سلطان کا میچ بارش کی نذر

کراچی کنگز اور ملتان سلطان کے درمیان میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا، دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان میچ بارش کے سبب بغیر کوئی گیند کرائے ختم کردیا گیا ہے اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔

پاکستان سپر لیگ کے 11ویں میچ میں کراچی کنگز کا مقابلہ ملتان سلطان سے تھا جہاں کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

ٹاس کے بعد میچ میں مستقل بارش کی مداخلت جاری رہی اور اس دوران ایک سے دو مرتبہ بارش رکنے پر میدان سے کور ہٹائے بھی گئے لیکن بارش کی مسلسل مداخلت کے سبب انہیں دوبارہ چڑھا دیا گیا۔

ڈھائی گھنٹے طویل انتظار کے بعد بھی بارش نہ رکنے پر امپائرز نے دونوں ٹیموں کے کپتانوں کی باہمی رضامندی سے میچ کو ختم کرنے کا اعلان کردیا اور اس طرح دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔

اس سے قبل کراچی کنگز میں انجری کے شکار تجربہ کار آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی جگہ محمد عامر کو شامل کیا گیا ہے۔

ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک کا کہنا تھا کہ شارجہ کی پچ ایسی نہیں لگ رہی کہ بڑے ٹوٹل بنے۔

دونوں ٹیمیں ایونٹ میں ایک دوسرے کے خلاف آج اپنا پہلا میچ کھیل رہی ہیں اور اپنی ٹیموں کو فتح یاب کرانے کے لیے سخت کوشش کریں گی جبکہ شائقین ایک دلچسپ میچ دیکھنے کے لیے پر امید ہیں۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل: کراچی بمقابلہ ملتان، اسلام آباد اور لاہور بھی ٹکرائیں گے

ایونٹ میں ناقابل شکست کراچی کنگز اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھنے کی کوشش کرے گی تو وہیں ملتان سلطانز میچ کو جیت کر پوائنٹ ٹٰیبل پر اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کے لیے پر امید نظر آتی ہے۔

دونوں ٹیموں کی بات کی جائے تو کراچی کنگز بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں اچھی تصور کی جاتی ہے اور ٹیم کو کپتان عماد وسیم کے علاوہ بابر اعظم، روی بوپارہ، محمد عامر، کولن انگرام جیسے مایہ ناز کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں۔

ملتان سلطانز کی بات کی جائے تو پہلی مرتبہ پی ایس ایل 3 میں شامل ہونے والی اس ٹیم نے ابتداء ہی سے بہت عمدہ کارکردگی دکھائی ہے اور کئی اچھی ٹیموں کو شکست سے دوچار کیا ہے، اس ٹیم میں بھی کافی مایہ ناز کھلاڑی کپتان شعیب ملک، کمار سنگاکارا، احمد شہزاد، ڈیرن براوو، عمران طاہر، عمر گل اور محمد عمران شامل ہیں۔