کھیل

پی ایس ایل 2017 کا فائنل کھیلنے والی کوئٹہ اور پشاور آج مدِ مقابل

میچ سے قبل پشاور زلمی کے کھلاڑیوں نے شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں بھرپور پریکٹس کی جس میں ٹیم کے تمام اہم کھلاڑیوں نے حصہ لیا.

شارجہ: پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن کے 10ویں میچ میں آج دفاعی چیمپیئنز پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مدِ مقابل ہوں گے.

گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو باآسانی 5 وکٹوں سے شکست سے دوچار کیا تھا.

اس جیت کے ساتھ ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر پہنچ گئی.

دفاعی چیمپیئز پشاور زلمی کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے آج ہونے والا مقابلہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ پشاور زلمی ایونٹ میں اب تک صرف ایک میچ ہی جیت سکی ہے جبکہ اسے دو میچز میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا.

میچ سے قبل پشاور زلمی کے کھلاڑیوں نے شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں بھرپور پریکٹس کی جس میں کپتان ڈیرن سیمی، آلراؤنڈر محمد حفیظ اور وکٹ کیپر کامران اکمل سمیت ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں نے بھی حصہ لیا.

یاد رہے کہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے مابین ہی پی ایس ایل 2017 کا فائنل کھیلا گیا تھا جس میں پشاور زلمی کی ٹیم کامیابی سے ہمکنار ہوئی تھی.

واضح رہے کہ دونوں ٹیمیں پی ایس ایل 2017 کے فائنل کے بعد پہلی مرتبہ آمنے سامنے ہوں گی.

یاد رہے کہ پشاور زلمی کے آلراؤنڈر ڈیون اسمتھ نے کراچی کنگز سے شکست کے بعد پی ایس ایل کے آنے والے میچز میں بھرپور واپسی کے عزم کا اظہار کیا تھا.