پاکستان

’عوام نے ساتھ دیا تو پورے پاکستان میں اگلی حکومت مسلم لیگ (ن) کی ہوگی‘

نواز شریف کی محبت لوگوں کے دلوں سے نہیں چھینی جا سکتی وہ لوگوں کے دلوں میں بستے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ کے نومنتخب قائم مقام صدر اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام نے ساتھ دیا تو آئندہ انتخابات میں پورے پاکستان میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہوگی۔

پتوکی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی صدارت کو تو ختم کردیا گیا لیکن نواز شریف کی محبت لوگوں کے دلوں سے نہیں جاسکتی وہ لوگوں کے دلوں میں بستے ہیں اور وہ پاکستان کی آن ہیں اور نواز شریف مسلم لیگ (ن) کے ہمیشہ قائد رہیں گے۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان پر عوام نے اعتماد کرکے ووٹ دیا لیکن انھوں نے صوبے کے معاشی حالات کا بیڑہ غرق کردیا اور 2014 میں دھرنا دے کر قوم کا وقت ضائع کیا۔

مزید پڑھیں: شہباز شریف مسلم لیگ (ن) کے قائم مقام صدر، نواز شریف ‘تاحیات قائد’ منتخب

ان کا کہنا تھا مسلم لیگ (ن) نے اپنے اقتدار میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری سے لوڈ شیڈنگ ختم کردی ہے اور گزشتہ 3 سال سے کھاد آدھی قیمت پر مل رہی ہے اور چھوٹے کسان کو بنا سود کے قرضے مل رہے ہیں جبکہ غریب بچوں کو تعلیم کے لیے وظیفے دیے اور سڑکیں، ہسپتال اور اسکول بنائے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 4 ماہ بعد انتخابات آنے والے ہیں اور اگر عوام نے (ن) لیگ کو ووٹ دیا تو قصور میں یونیورسٹی بنائیں گے اور پتو کی سے دو طرفہ سڑک بنائیں گے۔

کراچی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ٹوٹی ہوئی بسیں چلتی ہیں، ہر طرف کچرے کے ڈھیر ہیں لیکن میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ اگر کراچی والوں نے مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیا تو کراچی کو لاہور بنادیں گے۔

عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف نے ساڑھے 4 سال ضائع کردیے اور کوئی کام نہیں کیا بلکہ میٹرو بنانے کے لیے پورا پشاور کھود دیا ہے لیکن اگر ہماری حکومت آئی تو ہم ایک سال میں پشاور میں میٹرو بنائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان اتنا جھوٹ بولتے ہیں کہ انھیں جھوٹوں کی پارٹی بنا لینی چاہیے اور میں نے اسی جھوٹ پر عمران خان کے خلاف 10 ارب روپے کا ہرجانے کا دعویٰ کیا اور میں سپریم کورٹ سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اس جھوٹ پر نوٹس لیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنی جھوٹی باتیں ثابت کردی تو میں سیاست چھوڑدوں گا لیکن اگر وہ ثابت نہیں کرسکے تو انھیں گھر چلے جانا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام نے (ن) لیگ کو منتخب کیا تو ہم اس پاکستان کو تبدیل کردیں گے اور یہاں عوام کو اسکول، ہسپتال اور ہر سہولت فراہم کریں گے اور اس ملک کو قائد اعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان بنا دیں گے۔

خیال رہے کہ منگل 27 فروری کو مسلم لیگ (ن) کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی ( سی ڈبلیو سی) نے شہباز شریف کو پارٹی کا قائم مقام صدر منتخب کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کی نااہلی: سپریم کورٹ کے فیصلے کو سراہتے ہیں، اپوزیشن رہنما

یاد رہے کہ عدالت عظمیٰ کی جانب سے 21 فروری کو انتخابی اصلاحات کیس کے حوالے سے آنے والے فیصلے کی روشنی میں سابق وزیر اعظم نواز شریف مسلم لیگ (ن) کی صدارت سے بھی نااہل ہوگئے تھے، جس کے بعد پارٹی کے صدر کے انتخاب سے قبل شہباز شریف کو قائم مقام صدر منتخب کیا گیا تھا۔

سینٹرل ورکنگ کمیٹی نے اجلاس میں نواز شریف کے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے شہباز شریف کو پارٹی کا ’قائم مقام‘ صدر منتخب کرلیا جبکہ پارٹی کی مجلس عاملہ نے اجلاس کے دوران نواز شریف کو پارٹی کا تاحیات قائد منتخب کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔