کھیل

پشاور زلمی پی ایس ایل میں واپسی کیلئے پُر عزم

ایونٹ میں آج آرام کا دن ہے، اگلا میچ 28 فروری کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز آلراؤنڈر ڈیون اسمتھ نے کراچی کنگز سے شکست کے بعد پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے آنے والے میچز میں پشاور زلمی کی بھرپور واپسی کے عزم کا اظہار کردیا۔

پشاور زلمی کے آلراؤنڈر کا کہنا تھا کہ دفاعی چیمپیئنز کے کھلاڑیوں نے کراچی کنگز کے ساتھ مقابلے میں بھر پور کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن انہیں پھر بھی میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح ان کی ٹیم نے میچ کھیلا اور میدان میں پرفارمنس کا مظاہرہ کیا اس حوالے سے انہیں اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں پر فخر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم نے بہترین باؤلنگ کی لیکن کچھ چانسز ضائع کرنے کی وجہ سے شکست کا منہ دیکھا پڑا۔

ڈیون اسمتھ نے کہا کہ ان کی ٹیم کراچی کنگز کے ہاتھوں ہونے والی شکست کو بھول کر مثبت سوچ کے ساتھ آئندہ میچ میں نظر آئے گی اور ایونٹ میں بھرپور انداز میں واپسی کرے گی۔

ادھر پی ایس ایل تھری میں آج کوئی میچ نہیں کھیلا جائے گا تاہم 28 فروری کو شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین کھیلا جائے گا۔

کراچی کنگز کی ٹیم اس وقت ایونٹ ناقابلِ شکست ہے اور تین میچز جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر 6 پوائنٹس کے ساتھ سرِ فہرست ہے۔

ایونٹ میں پہلی مرتبہ شرکت کرنے والی اور پی ایس ایل تھری کے لیے فیوریٹ قرار دی جانے والی ملتان سلطانز 4 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے

ملتان سلطانز نے بھی ایونٹ میں 3 میچز کھیلے ہیں جہاں اسے ابتدائی دو میچز میں فتح حاصل ہوئی جبکہ تیسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

مزید پڑھیں: کراچی کنگز، لگا کے وِنگز!

ایونٹ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی نے ایک ایک فتح حاصل کی ہے اور تینوں ٹیموں کے 2،2 پوائنٹس ہیں تاہم نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز تیسرے، پشاور زلمی چوتھے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ پانچویں نمبر پر ہے۔

پی ایس ایل تھری میں لاہور قلندرز اب تک ایک بھی فتح حاصل نہیں کر سکی اور پوائنٹس ٹیبل پر آخری پوزیشن پر موجود ہے۔