اسلام آباد یونائیٹڈ کی پی ایس ایل 2018 میں پہلی فتح
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن کے چھٹے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر رواں ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی فتح حاصل کرلی۔
دبئی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان رومان رئیس نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
ملتان سلطانز کی جانب سے کمار سنگاکارا اور احمد شہزاد نے پہلی وکٹ کی شراکت میں صرف 8 رنز بنائے اور سنگاکارا انفرادی طور پر 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد براوو بھی صرف 6 رنز کا اضافہ کرسکے جبکہ صہیب مقصود ایک مرتبہ پھر ناکام ہوئے اور 19 کے مجموعی اسکور پر پویلین سدھار گئے۔
احمد شہزاد نے کپتان شعیب ملک کے ساتھ اسکور کو 31 رنز تک پہنچایا اور اسٹیون فن کا نشانہ بن گئے جس کے بعد شعیب ملک اور کیرون پولارڈ نے ایک مشکل وقت میں ٹیم کو کچھ سنبھالا اور اسکور کو آگے بڑھایا لیکن ٹیم کو ایک بڑے ہدف تک پہنچانے میں ناکام ہوئے۔
کیرون پولارڈ آؤٹ ہونے والے اگلے بلے باز تھے جو 85 کے اسکور پر 28 رنز بنا کر ہم وطن آندرے رسل کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
شعیب ملک نے 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو سلطانز کا اسکور 95 رنز تھا جس کے بعد ایک بڑے اسکور کی امید دم توڑ گئی اور دیگر بلےباز مسلسل آؤٹ ہوتے رہے۔
سہیل تنویر 9، سیف بدر 8، عمران طاہر اور محمد عرفان 2،2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ جنید خان نے آؤٹ ہوئے بغیر 2 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز کی پوری ٹیم آخری اوور میں 113 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کپتان رومان رئیس نے سب سے زیادہ تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد سمیع اور آندرے رسل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
ایک آسان ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو صفر پر ہی پہلا نقصان برداشت کرنا پڑا جب لیوک رانچی آؤٹ ہوئے جس کے بعد صاحبزادہ فرحان نے اسکور کو 37 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرنے کے بعد آؤٹ ہوئے جنھوں نے 9 رنز بنائے تھے۔
چیڈ والٹن نے 28 رنز بنا کر ٹیم کو جیت کے لیے اہم کردار ادا کیا، آصف علی 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ آندرے رسل صفر پر ہی آؤٹ ہوئے۔
حسین طلعت اور فہیم اشرف نے پانچویں وکٹ میں ناقابل شکست شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کو 5 وکٹوں سے فتح دلا دی۔
حسین طلعت 48 اور فہیم اشرف 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔