کیا ملتان کے سلطان فتح کے جھنڈے گاڑ سکیں گے؟
کیا ملتان کے سلطان فتح کے جھنڈے گاڑ سکیں گے؟
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی آمد آمد ہے، ہر گزرتے دن کے ساتھ شائقین کا جوش و جذبہ عروج پر پہنچتا جا رہا ہے اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں شائقین کرکٹ اپنے اسٹارز کو ایکشن میں دیکھنے کے لیے بے چین نظر آرہے ہیں۔
شائقین کی اسی دلچسپی کو مدِنظر رکھتے ہوئے ہم لیگ کی تمام 6 ٹیموں کے تجزیے کا سلسلہ شروع کر رہے ہیں جہاں 6 اقساط پر مشتمل اس سلسلے میں ہر ٹیم کی خوبیوں اور خامیوں کا جائزہ لیتے ہوئے اس بات کو سمجھنے کی کوشش کی جائے گی کہ ٹائٹل جیتنے کے لیے کس ٹیم کے امکانات زیادہ اور کس کے کم ہیں۔
تو آئیے، اس سلسلے کا آغاز ہم کرتے ہیں ایونٹ میں پہلی مرتبہ شرکت کرنے والی 'ملتان سلطان' سے، اور اس ٹیم کا جائزہ لیتے ہیں کہ کیا یہ ٹیم دوسری ٹیموں کو چیلنج کرنے اور چیمپیئن بننے کی صلاحیت رکھتی ہے یا نہیں۔
ٹی20 کرکٹ میں کسی بھی ٹیم کی طاقت کو جانچنا ہو تو سب سے پہلے اس کی بیٹنگ کی صلاحیت کو پرکھا جاتا ہے لہٰذا ہم کوشش کرتے ہیں کہ اس امر کو جانچا جائے کہ ملتان سلطان کی بیٹنگ لائن کس حد تک مضبوط ہے۔
ٹیم کی بیٹنگ لائن میں اوپننگ کی ذمہ داری احمد شہزاد اور شان مسعود کے کاندھوں پر ہوگی۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں شاند مسعود اور نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں احمد شہزاد کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ مخالف ٹیموں کے لیے یہ دونوں بلے باز کسی خطرے سے کم ثابت نہیں ہوں گے۔