ٹیکنالوجی کی دنیا میں انقلاب، اسمارٹ باتھ روم متعارف
جدید کمپیوٹرائزڈ سسٹم سے لیس باتھ روم کو استعمال کرنے والے افراد کئی کام خود سر انجام دینے سے آزاد ہوجائیں گے۔
ویسے تو گزشتہ چند سال سے ٹیکنالوجی کی دنیا میں کئی انقلابی تخلیقات متعارف کرائی جاچکی ہیں، جنہوں نے دیکھتے ہی دیکھتے دنیا کو بدل دیا۔
ہواؤں میں جہازوں کی طرح اڑتی گاڑیوں، گاڑیوں کی طرح سڑکوں پر دوڑتے جہاز، پانی پر اترتے ہیلی کاپٹر، منٹوں میں گھر تیار کرتے پرنٹر، مصنوعی انسانی اعضاء تیار کرنے والی تھری ڈی ٹیکنالوجی اور لوگوں کو مارنے والے ڈرون کے بعد لوگوں کو بچانے والے ڈرونز نے دنیا کو ہی بدل کر رکھ دیا۔
اب دنیا میں جہاں اسمارٹ جوتے اور اسمارٹ کپڑے پہنے جاتے ہیں، وہیں اب گھر بھی اسمارٹ ہونے لگے ہیں۔
لیکن اب اسمارٹ ہونے کی بات گھروں کے مخصوص کمروں تک محدود نہیں رہی، کیوں کہ اب امریکی کمپنی ’کوہلر‘ نے ایک ایسا اسمارٹ باتھ روم متعارف کرادیا ہے، جسے استعمال کرنے والے افراد کئی کام خود کرنے سے آزاد ہوجائیں گے۔