آخری ایشز ٹیسٹ میں انگلینڈ کے پانچ وکٹ پر 233 رنز
سڈنی: انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف پانچویں اور آخری ایشز ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں جو روٹ اور ڈیوڈ ملان کی ذمے دارانہ بیٹنگ کی بدولت پانچ وکٹوں کے نقصان پر 233 رنز بنا لیے ہیں۔
جمعرات کو سڈنی میں شروع ہونے والے ایشز سیریز کے پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ میں انگلش ٹیم کے کپتان روٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ایلسٹر کک اور مارک اسٹون مین نے مہمان ٹیم کو صرف 28 رنز کا آغاز فراہم کر سکے، اسٹون مین ایک مرتبہ پھر متاثرکن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور 24 رنز بنا کر کمنز کی گیند پر وکٹ کیپر ٹم پین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
جیمز ونس بھی اس مرتبہ کچھ خاطر خواہ کھیل پیش نہ کر سکے اور 25 رنز بنا کر کمنز کی گیند پر ہی ٹم پین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے لیکن انگلینڈ کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب چوتھے ٹیسٹ میں شاندار ڈبل سنچری بنانے والے ایلسٹر کک 39 رنز بنانے کے بعد ہیزل وُڈ کی وکٹ بن گئے۔
95 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد کپتان جوروٹ اور ڈیوڈ ملان نے میدان سنبھالا اور دونوں بلے بازوں نے مشکل وقت میں شاندار اور ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ میں 133 اہم رنز جوڑ کر ٹیم کو مشکلات سے نکال کر مستحکم پوزیشن تک پہنچا دیا۔
اس شراکت کا خاتمہ دن کے اختتام سے چند اوورز قبل اس وقت ہوا جب آسٹریلین کپتان نے نئی گیند لینے کا فیصلہ کیا اور اسٹارک نے 83 رنز بنانے والے انگلش کپتان کو ٹھکانے لگا کر کپتان کا فیصلہ درست ثابت کردیا۔
دن کے اختتام سے قبل انگلینڈ کو ایک اور دھچکا اس وقت لگا جب اگلے ہی اوور میں جونی بیئراسٹو پانچ رنز بنانے کے بعد جوش ہیزل وُڈ کی گیند پر ٹم پین کو کیچ دے بیٹھے۔
جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 233 رنز بنائے تھے، ڈیوڈ ملان 55 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔آسٹریلیا کی جانب سے ہیزل وُڈ اور کمنز نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔