کھیل

اسٹوکس آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز سے دستبردار

کراؤن پراسیکیوشن سروس نے اب تک نائٹ کلب میں جھگڑے کی تحقیقات مکمل نہیں کی جس کی وجہ سے اسٹوکس سیریز سے دستبردار ہوئے۔

لندن: نائٹ کلب میں جھگڑے کے سبب انگلش ٹیسٹ ٹیم سے باہر کیے جانے والے انگلش آل راؤنڈر بین اسٹوکس آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز سے دستبردار ہوگئے ہیں۔

برسٹل میں جھگڑے کے بعد بین اسٹوکس کو آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے مشروط طور پر اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا تاہم ابھی تک کراؤن پراسیکیوشن سروس (سی پی ایس) کی جانب سے ان کے مستقبل کا فیصلہ نہیں کیا جس کی وجہ سے وہ ون ڈے سیریز سے دسبتردار ہوگئے ہیں۔

انگلش بورڈ نے ڈیوڈ میلان کو ان کے متبادل کے طور پر ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں برسٹل میں نائٹ کلب کے باہر جھگڑے کے بعد بین اسٹوکس کو پولیس نے ایک رات حراست میں بھی لیا تھا جس کی وجہ سے انہیں ویسٹ انڈیز کے خلاف آخری دو ون ڈے میچز سے باہر ہونا پڑا اور بعد میں جھگڑے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد ان کا نام ایشز سیریزسے واپس لے لیا گیا تھا۔