2017: کچھ منفرد واقعات، دلفریب لمحات، نہ بھلائے جانے والے پل
ہر گزرتا پل ماضی ہے، اسے کبھی پھر ہماری زندگی میں واپس نہیں آنا، اسی طرح گزشتہ 2 ہزار 16 عیسوی سالوں کی مانند یہ سال بھی ماضی کا حصہ بننے والا ہے، جس کے بعد ہم اپنے گھروں اور دفاتر پر آویزاں 2017 کے کیلینڈر کے بجائے 2018 کا خوبصورت کیلینڈر آویزاں کردیں گے۔
لیکن اگر 2017 کے کیلنڈر کو اتارنے سے پہلے ایک بار اس کے 12 مہینوں کے ورقوں کو چند لمحات کے لیے دیکھ کر گزشتہ 365 دنوں کا جائزہ لیا جائے تو، ہمارے لبوں پر بہت ساری مسکراہٹیں اور آنکھوں میں ڈھیر سارے آنسوں آجائیں گے، اور اسی کا نام زندگی ہے۔
عام تاثر یہی ہے کہ 2017 میں کچھ بھی منفرد اور دلفریب نہیں ہوا، لیکن کیا واقعی ایسا ہے؟َ
یقینا دنیا کے ہر انسان کی زندگی میں 2017 میں متعدد خراب چیزیں اور نامناسب واقعات ہوئے ہوں گے، لیکن ساتھ ہی ان کی زندگی میں ایسے پل بھی آئے ہوں گے، جنہیں کیلینڈر کو تبدیل کرتے ہی بھلایا نہیں جاسکتا۔
ہر انسان کی ذاتی زندگی کی طرح دنیا میں بھی کچھ ایسے منفرد واقعات، دلفریب لمحے اور کبھی نہ بھلائے جانے والے پل گزرے، جنہیں ہم سال کے آخر میں یاد کرکے 2017 کو مکمل طور پر ناامیدی کا سال نہیں کہہ سکیں گے۔
خوشی کے لمحات اور اچھے واقعات کی شروعات کہاں سے ہونی چاہیے اور اختتام کہاں کیا جائے، یہ فیصلہ اتنا آسان نہیں ہوتا، اس لیے 2017 کے خوبصورت واقعات کو نمبروں سے آزاد کرنا ہی بہتر ہے۔
ہر انسان کی ذاتی زندگی کی طرح دنیا بھر میں سیاسی و سماجی سطح پر بھی بہت ساری خراب اور بہتر چیزیں ہوئیں، اگرچہ بہتر اور اچھی چیزوں کی تعداد بری چیزوں سے کم ہی رہی، لیکن سال کے 365 دن میں سے کم سے کم 150 دن ایسے بھی گزرے جن میں لوگوں کو عالمی سطح پر یومیہ کم سے کم ایک اچھی خبر بھی سننے یا پڑھنے کو ملی۔
ایسی ہی اچھی، امید افزا اور سال کی بہترین خبروں میں سے درج ذیل خبریں بھی ہیں، جو بری خبروں کی زد میں دبی رہیں، لیکن ان خبروں کا ذکر 2018 میں بھی ہوتا رہے گا۔