سال 2017 کا پاکستان: 10 اہم ترین عدالتی مقدمات اور فیصلے
سال 2017 میں پاکستانی میڈیا کی شہ سرخیوں میں عدالت میں زیر سماعت مقدمات اور ان کے فیصلے ہی چھائے رہے، اور اسی دوران اگر کسی ایک نے عدالت کے کردار کو سراہا تو دوسرے نے اس پر تنقید بھی کی جبکہ ان فیصلوں سے ملک کے سیاسی اور معاشرتی منظر نامے پر کافی تبدیلیاں رونما ہوئی۔
ایسے ہی ایک مقدمے کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ کی جانب سے دیا گیا فیصلہ ملک میں دو مختلف رائے عامہ کو سامنے لایا، جب جولائی میں عدالت عظمیٰ نے پاناما پیپرز لیکس کیس کا فیصلہ سنایا اور اس وقت کے وزیراعظم کو نا اہل قرار دے دیا، جسے ایک جانب سراہا گیا تو دوسری جانب اس پر کڑی تنقید بھی ہوئی۔
سال 2017 میں دیئے جانے والے عدالتی فیصلوں پر متنازع ہونے کا بھی الزام لگایا گیا جس کے بعد ملک میں میڈیا اور معاشرے میں ایک نئی بحث کا آغاز ہوا، جس میں ایک طبقہ جہاں ان فیصلوں کو آئین اور قانون کے مطابق تصور کرتا تھا تو وہیں دوسرا طبقہ اسے مخصوص افراد کے خلاف کارروائی تصور کرتا۔
پاناما گیٹ: سپریم کورٹ نے نواز شریف کو نا اہل قرار دیا
2017 کا سال جہاں دیگر اہم اور متعدد مقدمات کے حوالے سے اہم ہے، وہیں اس میں پاناما پیپرز لیکس کیس کا فیصلہ بھی سنایا گیا جس کی سماعت کا آغاز نومبر 2016 میں ہوا تھا۔
سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ میں شامل ججز کے 30 اپریل کو دیئے گئے عبوری فیصلے کی روشنی میں پاناما پیپرز کیس میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی۔