کھیل

پرتھ میں انگلینڈ پر اننگز کی شکست کا خطرہ منڈلانے لگا

بلے بازوں کے بعد باؤلرز کی بھی عمدہ کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا نے ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔

پرتھ: بلے بازوں کے بعد باؤلرز کی بھی عمدہ کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا نے ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے اور انگلش ٹیم دوسری اننگز میں 132 رنز پر 4 وکٹیں گنوا کر اننگز کی شکست کے خطرے سے دوچار ہے۔

پرتھ میں جاری سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن آسٹریلیا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 549 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو کپتان اسٹیون سمتھ 229 اور مچل مارش 181 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔

مچل مارش گزشتہ روز کے اسکور میں کوئی اضافہ نہ کر سکے اور جیمز اینڈرسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے لیکن آؤٹ ہونے سے قبل انہوں نے کپتان کے ساتھ پانچویں وکٹ کیلئے 301 رنز جوڑے۔

کپتان اسٹیون اسمتھ کی بھی 239 رنز کی اننگز بالآخر اینڈرسن کے ہاتھوں ہی اختتام پذیر ہوئی، انہوں نے اس اننگز کے دوران 30 چھکے اور ایک چوکا لگایا جبکہ جلد ہی مچل اسٹارک بھی رن آؤٹ ہوئے تو ایسا محسوس ہونے لگا کہ انگلش ٹیم جلد ہی میزبان ٹیم کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہو جائے گی لیکن ٹم پین اور پیٹ کمنز مہمان باؤلرز کی راہ میں حائل ہو گئے۔

ٹم پین اور پیٹ کمنز نے آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 93 رنز بناکر ٹیم کا اسکور 654 تک پہنچا دیا، کمنز 41 رنز بناکر اینڈرسن کا شکار بنے اور 259 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد آسٹریلیا نے پہلی اننگز 662 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کر دی، پین 49 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے اینڈرسن نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا لیکن انگلش ٹیم کے پانچ باؤلرز نے 100 سے زائد رنز کی مار برداشت کی۔

انگلینڈ کی دوسری اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کی پہلی وکٹ چار کے مجموعی اسکور پر گر گئی جب مارک سٹونمین تین رنز بناکر جوش ہیزل وُڈ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

ایلیسٹر کک بھی خراب فارم بحال نہ کر سکے اور 14 رنز بنانے کے بعد ہیزل وُڈ کو وکٹ دے بیٹھے لیکن انگلینڈ کو 60 کے مجموعی اسکور پر اس وقت بڑا دھچکا لگا جب کپتان جو روٹ 14 رنز کی مختصر اننگز کھیل کر نیتھن لایون کا شکار ہوئے۔

جیمز ونس اور ڈیوڈ ملان نے ٹیم نے کی سنچری مکمل کرائی لیکن سنچری کی تکمیل کے ساتھ ہی مچل اسٹارک نے 55 رنز بنانے والے ونس کی وکٹیں بکھیر کر اپنی ٹیم کو چوتھی کامیابی دلائی۔

ڈیوڈ ملان اور جونی بیئراسٹو نے دن کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور جب بارش کے سبب کھیل جلد ختم کیا گیا تو انگلینڈ نے چار وکٹ کے نقصان پر 132 رنز بنائے تھے، ملان 28 اور بیئراسٹو 14 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ انگلینڈ کو اب بھی 127 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔

یاد رہے کہ میزبان آسٹریلیا کو سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل ہے اور پرتھ ٹیسٹ جیت کر آسٹریلیا پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لے گا۔