کھیل

پرتھ میں اسمتھ انگلش باؤلرز کے خلاف ڈٹ گئے

آسٹریلیا اور انگلینڈ کے تیسرے ایشز ٹیسٹ میں انگلینڈ کی پہلی اننگز 403 رنز کے جواب میں آسٹریلیا کے تین وکٹ پر203 رنز۔

پرتھ: آسٹریلیا اور انگلینڈ کے مابین تیسرے ایشز ٹیسٹ میں اسٹیون اسمتھ کی عمدہ اننگز کی بدولت آسٹریلیا نے اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے اور انگلینڈ کی پہلی اننگز کے اسکور 403 رنز کے جواب میں آسٹریلیا نے تین وکٹوں کے نقصان کے جواب میں 203 رنز بنا لیے ہیں۔

پرتھ میں جاری ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن انگلینڈ نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 305 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو ڈیوڈ ملان 110 اور جونی بیئرسٹو 75 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔

دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا اور اسکور کو 368 رنز تک پہنچایا لیکن اسی اسکور پر نیتھن لایون نے ڈیوڈ ملان کی کیریئر کی بہترین 140 رنز کی اننگز کا خاتمہ کر کے اپنی ٹیم اہم کامیابی دلائی، ملان اور بیئراسٹو کے درمیان 237 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم ہوئی۔

ملان کے آؤٹ ہونے کے ساتھ انگلش بیٹنگ لائن یکدم ڈھے گئی اور بیئراسٹو کی بھرپور مزاحمت کے باوجود پوری ٹیم کھانے کے وقفے تک 403 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔

جونی بیئراسٹو نے چوتھی ٹیسٹ سنچری اسکور کی اور 119 رنز بناکر مچل سٹارک کی وکٹ بنے۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے چار، جوش ہیزل وُڈ نے تین اور پیٹ کمنز نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلین اوپنرز ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بین کرافٹ نے اپنی ٹیم کو 44 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا لیکن دونوں ہی کھلاڑی بالترتیب 22 اور 25 رنز بنانے کے بعد اوورٹن کی وکٹ بن گئے۔

55 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد عثمان خواجہ اور کپتان اسٹیون اسمتھ وکٹ پر یکجا ہوئے اور دونوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کیلئے 124 رنز جوڑ کر ابتدائی نقصان کا ازالہ کردیا لیکن کرس ووکس نے 50 رنز بنانے والے عثمان خواجہ کو آؤٹ کر کے اس اہم شراکت کا خاتمہ کردیا۔

جب تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز بنا لیے تھے اور اسے انگلینڈ کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کیلئے مزید 200 رنز درکار ہیں، کپتان اسٹیون اسمتھ 92 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر وکٹ پر موجود ہیں جبکہ سات رنز بنانے والے شان مارش ان کا ساتھ نبھا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ پانچ میچوں کی ایشز سیریز میں میزبان آسٹریلیا کو 2-0 کی برتری حاصل ہے۔