انگلینڈ کو شکست، آسٹریلیا کو ایشز سیریز میں 2-0 کی برتری
ایڈیلیڈ: آسٹریلیا نے ایشز سیریز کے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں مچل اسٹارک کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت انگلینڈ کو 120 رنز سے شکست دیکر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کر لی۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے ایشز کی تاریخ کے پہلے ڈے اینڈ نائٹ میچ کے پانچویں اور آخری روز مہمان انگلینڈ کو میچ میں کامیابی کے لئے 178 رنز کی ضرورت تھی جبکہ میزبان ٹیم کو 6 وکٹوں کی ضرورت تھی۔
انگلینڈ نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 176 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو جو روٹ 67 اور ووکس 5 رنز پر کھیل رہے تھے۔
تاہم دن کی صبح ہی انگلینڈ کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب ووکس اور روٹ دونوں ہی اپنے گزشتہ روز کے انفرادی اسکور میں بغیر کوئی رن کے اضافہ کیے بغیر پویلین لوٹ گئے جبکہ معین علی بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور محض دو رنز بناکر نیتھن لایون کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔
اوورٹن آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو سات رنز بناکر مچل اسٹارک کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے جبکہ اسٹورٹ براڈ کی آٹھ رنز پر محیط مختصر اننگز کا اختتام بھی اسٹارک کے ہاتھوں ہوا۔
جونی بیئراسٹو آؤٹ ہونے والے آکری کھلاڑی تھے جو 36 رنز بناکر مچل اسٹارک کی گیند پر کلین باؤلڈ ہوگئے اور یوں میزبان باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ کے سامنے بے بس انگلینڈ کی ٹیم 354 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 233 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور آسٹریلیا نے انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 120 رنز سے شکست دیکر سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کرلی۔
آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز مچل اسٹارک نے دوسری اننگز میں عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ جبکہ جوش ہیزل وڈ اور نیتھن لایون نے دو،دو کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
شان مارش کو میچ میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔