کھیل

ایشز تاریخ کا پہلا ڈے اینڈ نائٹ میچ، آسٹریلیا کے 209 رنز

عثمان خواجہ کی نصف سنچری کی بدولت آسٹریلیا دوسرے میچ کے پہلے روز4 وکٹوں پر 209 رنز بنالیے۔

آسٹریلیا نے عثمان خواجہ کی نصف سنچری کی بدولت انگلینڈ کےخلاف ایشز سیریز کےدوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز کھیل کےاختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنالیے۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے جارہے ایشز کی تاریخ کے پہلے ڈے اینڈ نائٹ میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کرآسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

میزبان آسٹریلیا کی جانب سے بینکروفٹ اور ڈیوڈ وارنر نے اننگز کا آغاز کیا اور 33 کے اسکور پر بینکروفٹ 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انھیں ووکس نے رن آؤٹ کیا جس کے بعد وارنر نے اننگز کو جاری رکھا۔

ڈیوڈ وارنر نے دوسری وکٹ میں عثمان خواجہ کے ساتھ مل کر اسکور کو 86 رنز تک پہنچایا لیکن انگلینڈ کے کرس ووکس نے 47 رنز پر کھیلنے والے وارنر کو نصف سنچری مکمل کرنے سے پہلے ہی پویلین بھیج دیا۔

یہ بھی پڑھیں:ایشز سیریز: آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی

عثمان خواجہ نے ذمہ داری نبھاتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور کپتان اسٹیو اسمتھ کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 53 رنز جوڑے اور 53 رنز کی ہی انفرادی اننگز کھیل کر 139 کے مجموعے پر جیمزاینڈرسن کا نشانہ بنے۔

کپتان اسمتھ دوسرے میچ کے پہلے روز آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے جو 161 کے مجموعے پر 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پیٹرہینڈزکومب اور مچل مارش نے آخری روز آسٹریلیا کے اسکور کو 209 تک پہنچادیا۔

ایڈیلیڈ میں پہلے روز کا کھیل ختم ہوا تو ہینڈزکومب 36 اور مارش 20 رنز کے انفرادی اسکور پر کھیل رہے تھے۔

انگلینڈ کی جانب سے ووکس، اینڈرسن اور اورٹن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا نے ایشز سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ کو شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی تھی۔