کھیل

تاریخی ایشز سیریز کا آغاز

انگلینڈ اور آسٹریلیا کے مابین ایشز کا برسبین میں آغاز ہو گیا،میچ کے پہلے دن انگلینڈ نے چار وکٹ کے نقصان پر 196 رنز بنائے

انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان تاریخی ایشز سیریز کا برسبین میں آغاز ہو گیا جہاں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چار وکٹ کے نقصان پر 196 رنز بنا لیے ہیں۔

انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط چابت ہوا اور سابق کپتان ایلسٹر کک صرف دو رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

جیمز ونس اور مارک اسٹون مین نے سنچری شراکت بنا کر ابتدائی نقصان کا ازالہ کیا لیکن ونس کے رن آؤٹ نے انگلینڈ کی تمام تر محنت پر پانی پھیر دیا اور آسٹریلیا نے دن کے اختتام سے قبل تین وکٹیں حاصل کر کے میچ میں شاندار انداز میں واپسی کی۔

جب بارش سے متاثرہ پہلے دن کا کھیل کم روشنی کے سبب جلد ختم کیا گیا تو انگلینڈ نے چار وکٹ کے نقصان پر 196 رنز بنائے تھے۔