کھیل

ایشز سیریز کا سست آغاز، انگلینڈ کے چار وکٹ پر 196 رنز

انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز انگلینڈ نے پہلی اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنا لیے۔

برسبین: آسٹریلیا اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے مابین ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں جیمز ونس اور مارک اسٹون مین کی نصف سنچریوں کی بدولت چار وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنا لیے۔

تاریخی ایشز سیریز کا پہلا ٹیسٹ برسبین کرکٹ گراؤنڈ پر شروع ہوگیا جہاں انگلینڈ کے کپتان جو روٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

مہمان ٹیم کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کی پہلی وکٹ دو کے مجموعی اسکور پر گر گئی جب سینئر بلے باز ایلسٹر کک دو رنز بنانے کے بعد مچل اسٹارک کی گیند پر پیٹر ہینڈزکومب کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

س موقع پر مارک سٹونمین اور جیمز ونس نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور 125 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کردیا۔127 کے مجموعی اسکور پر انگلینڈ کی دوسری وکٹ گر گئی جب اسٹونمین 53 رنز بناکر پیٹ کمنز کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

اسکور 145 تک پہنچا تو 83 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے جیمز ونس بدقسمتی کا شکار ہو کر رن آؤٹ ہوگئے۔

لیکن انگلینڈ کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب کپتان جو روٹ صرف 15 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔

اس کے بعد ڈیوڈ ملان اور معین علی نے پانچویں وکٹ میں 33 رنز کا اضافہ کرکے ٹیم کا اسکور 196 تک پہنچایا مگر خراب روشنی کی وجہ سے میچ مقررہ وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا۔

جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے چار وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے تھے، ملان 28 اور معین علی 13 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے دو اور مچل سٹارک نے ایک وکٹ حاصل کی۔