نازک پرندے کیا کچھ کر سکتے ہیں؟
کہا جاتا ہے کہ انسان نے پرندوں کو دیکھ کر ہی ہوائی جہاز تخلیق کیا تھا، لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ یہی نازک پرندے اب لوہے سے بنے جہاز کے لیے مسئلہ بنے ہوئے ہیں۔
دنیا بھر میں سالانہ متعدد بار نازک پرندے مضبوط ترین جہازوں سے ٹکراتے ہیں، جس کے باعث پرندوں کو اگر کوئی نقصان نہ بھی پہنچے تو ہوائی جہازوں کو کافی نقصان پہنچتا ہے۔
بعض مرتبہ تو صرف پرندے ٹکرانے کی وجہ سے جہاز کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑتی ہے، یا پھر پرندے کی جانب سے تھوڑا سا بھی نقصان پہنچائے جانے کی صورت میں اسے اڑان بھرنے کے لیے ہی غیر محفوظ قرار دیا جاتا ہے۔
نازک پرندے کیا کچھ کر سکتے ہیں، اس کا اندازہ 2 دن قبل منظر عام پر آنے والی ایک ویڈیو سے لگایا جاسکتا ہے، جس میں ایک نازک پرندے کو ایک جہاز کا ناک چیرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
جہاز کی ناک کو ایک پرندے نے اپنی نازک چونچ سے پھاڑ کر نہ صرف لوگوں کو حیران کردیا، بلکہ ریاست ہائے متحدہ امریکا کی ہوائی جہاز کمپنیوں اور سول ایوی ایشن اداروں کے اہلکاروں کے لیے بھی ایک بار پھر خطرے کی گھنٹی بجادی۔
امریکی نشریاتی ادارے ’اے بی سی ورلڈ نیوز ناؤ‘ کی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک پرندہ کس طرح ہوائی جہاز کے ناک کی چادر کو پھاڑ رہا ہے۔
اگرچہ یہ ویڈیو 2 ہفتے پرانی ہے، تاہم یہ منظر عام پر اب آئی ہے۔
اس ویڈیو سے قبل بعض امریکی سوشل میڈیا صارفین نے اس واقعی کی تصاویر شیئر کی تھیں، جنہیں دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ یہ واقعہ گزشتہ ماہ 27 اکتوبر کو پیش آیا۔