ڈرائیور لیس بس افتتاح کے 2 گھنٹے بعد حادثے کا شکار
بغیر ڈرائیور چلنے والی بس اپنی غلطی نہیں، بلکہ ایک انسان کی غلطی کی وجہ سے حادثے کا شکار ہوئی، پولیس
ویسے تو ڈرائیور لیس گاڑیوں کو مستقبل کی گاڑیوں کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، تاہم ساتھ ہی انسانی مدد کے بغیر چلنے والی ان گاڑیوں کو فی الحال غیر محفوظ بھی تصور کیا جا رہا ہے۔
اگرچہ ڈرائیور کے بغیر چلنے والی گاڑیوں پر دنیا بھر کی متعدد کمپنیاں کام کر رہی ہیں، وہیں ان گاڑیوں کے ابتدائی تجربات میں ہی وہ حادثات کا شکار ہوئیں، جس وجہ سے کئی کمپنیوں نے ایسی گاڑیوں کو عام نہیں کیا۔
لیکن امریکی ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگاس میں پہلی بار ڈرائیور کے بغیر چلنے والی عوامی بس کا افتتاح کیا گیا، جو بدقسمتی سے ابتدائی 2 گھنٹے کے اندر ہی حادثے کا شکار ہوگئی۔
ڈرائیور لیس اس عوامی بس کے حادثے سے اس بات کو مزید تقویت ملی کہ انسانی مدد کے بغیر چلنے والی گاڑیوں کو مکمل طور پر محفوظ نہیں سمجھا جاسکتا۔