کھیل

اسٹوکس کے متبادل فن بھی ایشز سیریز سے باہر

انگلش فاسٹ باؤلر اسٹیون فن فٹنس مسائل کے باعث روایتی حریف آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز سے باہر ہو گئے۔

سڈنی: انگلش فاسٹ باؤلر اسٹیون فن فٹنس مسائل کے باعث روایتی حریف آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز سے باہر ہو گئے۔

ایشز کے آغاز سے قبل ہی انگلش ٹیم بحرانی صورتحال کا شکار ہو گئی ہے اور تنازع کے سبب انگلش ٹیم سے باہر کیے جانے والے بین اسٹوکس کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیے جانے والے فاسٹ باؤلر اسٹیون فن بھی انجری مسائل کے سبب دورے سے باہر ہو گئے ہیں۔

فن ویسٹرن آسٹریلیا الیون کے خلاف پہلے ٹور میچ سے قبل ٹریننگ کے دوران گھٹنے کی انجری کا شکار ہوئے تھے۔

انگلینڈ ٹیم کے کوچ ٹریور بیلس نے اپنے بیان میں بتایا کہ اسکین کی رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ فن کی انجری سنجیدہ نوعیت کی ہے اور انہیں مکمل فٹ ہونے میں وقت لگے گا اس لیے ہم نے انہیں علاج کیلئے واپس وطن بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معین علی کی انجری سنجیدہ نہیں اور وہ ٹھیک ہیں البتہ احتیاطی تدابیر کے طور پر وہ کرکٹ آسٹریلیا الیون کے خلاف پہلا چار روزہ میچ نہیں کھیلیں گے تاہم وہ آخری وارم اپ میچ میں انگلینڈ الیون کا حصہ ہوں گے۔

واضح رہے کہ معین علی بھی ویسٹرن آسٹریلیا کے خلاف وارم اپ میچ سے قبل ٹریننگ کے دوران انجری کا شکار ہوئے تھے۔

ادھر اسٹیون فن کی جگہ سرے کے 22 سالہ آل راؤنڈر ٹام کوران کو انگلش اسکواڈ کا حصہ بنا لیا گیا ہے جنہوں نے ابھی تک اپنا ٹیسٹ ڈیبیو نہیں کیا۔

انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ایشز سیریز کا آغاز 23 نومبر سے برسبین ٹیسٹ سے ہو گا۔