ورلڈ الیون کو 33 رنز سے شکست، آزادی کپ پاکستان کے نام
پاکستان نے باحمد شہزاد کی شاندار بیٹنگ اور باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ورلڈ الیون کو تیسرے اور فیصلہ کن ٹی20 میچ میں 33 رنز سے شکست دے کر آزادی کپ جیت لیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے تین ٹی20 میچوں کی سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں ورلڈ الیون کے کپتان فاف ڈیو پلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلرز کا آزمانے کا فیصلہ کیا۔
میچ کیلئے ورلڈ الیون نے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کرتے ہوئے ٹم پین اور پال کالنگ وڈ کی جگہ ڈیرن سیمی اور جارج بیلی کو فائنل الیون کا حصہ بنایا۔
پاکستان نے ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے سہیل خان کی جگہ حسن علی کو ٹیم کا حصہ بنایا جو گزشتہ میچ میں انجری کے سبب شرکت نہیں کر سکے تھے۔
اوپنرز فخر زمان اور احمد شہزاد نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو سات اوورز میں 59 رنز کا آغاز فراہم کیا۔
تاہم 61 کے مجموعی اسکور پر احمد شہزاد کی جانب سے کھیلے گئے شاٹ پر دوسرے اینڈ پر موجود فخر زمان رن آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 27 رنز بنائے۔