کھیل

معاملات طے، پی سی بی آج آفریدی کو فیئرویل دے گا

قذافی اسٹیڈیم میں ورلڈ الیون اور پاکستانی ٹیم کے درمیان تیسرے ٹی20 میچ سے قبل سابق آل راؤنڈر کو فیئرویل دی جائے گی۔

سابق مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی اور پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے درمیان فیئرویل پر معاملات طے پا گئے ہیں اور جمعے کو انہیں قذافی اسٹیڈیم میں فیئرویل دی جائے گی۔

ورلڈ الیون اور پاکستانی ٹیم کے میچ ز دیکھنے کیلئے لاہور میں موجود شاہد آفریدی اس سے قبل فیئرویل کی متعدد پیشکش ٹھکرا چکے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ اور سابق کرکٹر کے درمیان تنازع کا آغاز اس وقت ہوا تھا جب 2016 کے ورلڈ ٹی20 کے بعد ریٹائرمنٹ لینے والے آفریدی نے الوداعی میچ کھیلنے کی خوہش ظاہر کی تھی لیکن پی سی بی نے اسے نظر انداز کردیا تھا۔

تاہم اب بورڈ اور سابق آل راؤنڈر کے درمیان معاملات طے پا چکے ہیں اور جمعے کو ورلڈ الیون اور پاکستانی ٹیم کے درمیان تیسرے ٹی20 میچ سے قبل قذافی اسٹیڈیم میں سابق کپتان مصباح الحق اور شاہد آفریدی کے اعزاز میں تقریب منعقد کی جائے گی۔

دنیائے کرکٹ میں نمایاں خدمات انجام دینے والے کھلاڑیوں کو اعزاز کے ساتھ رخصت کرنے کا نیا سلسلہ شروع ہوا ہے جس کے تحت شائقین اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو کھڑے ہو کر داد دے کر انہیں رخصت کرتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی چیئرمین نے آفریدی کو یہ پیشکش کی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔

یاد رہے کہ پی سی بی چیئرمین نے آفریدی کو جمعے کو مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں شرکت اور پاکستان کرکٹ کیلئے دی گئی خدمات پر پی سی بی کی جانب سے ایوارڈ وصول کرنے کی دعوت دی تھی لیکن انہوں نے اس پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ بورڈ سے فیئرویل نہ لینے کے اپنے سابقہ فیصلے پر قائم رہیں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے سابق مایہ ناز بلے باز یونس خان نے بھی پی سی بی کی کی جانب سے منعقدہ تقریب اور ایوارڈ لینے سے انکار کردیا تھا۔