کھیل

آفریدی کا افغان لیگ میں شرکت نہ کرنے کا اعلان

شاہد آفریدی نے ذاتی وجوہات اور مصروفیات کے سبب افغان لیگ میں شرکت سے معذرت کر لی۔

لاہور: قومی ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آلراؤنڈر شاہد آفریدی نے ذاتی وجوہات کے سبب افغان لیگ نہ کھیلنے کا اعلان کر دیا۔

یاد رہے کہ افغان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان پر الزامات اور کرکٹ روابط کتم کرنے کے اعلان پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی پڑوسی ملک کے بورڈز سے تعلقات ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو افغان لیگ کیلئے نہ بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔

قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے دونوں کرکٹ بورڈز کے درمیان کشیدہ تعلقات کے باوجود افغان لیگ کھیلنے کا اعلان کیا تھا جس پر مبینہ طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ ناخوش تھا۔

تاہم اس حوالے سے آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ جہاں بھی کھیلتے ہیں پاکستان کی ہی نمائندگی کرتے ہیں۔

شاہد آفریدی نے آج میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے افغان کرکٹ لیگ میں شرکت نہ کرنے کی تصدیق کی اور کہا کہ میں اب کابل نہیں جاؤں گا۔

اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر انہوں نے لکھا کہ وہ افغان حکومت، افغان کرکٹ بورڈ کے حکام، مسلم یار سپینگھر ٹائیگرز کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے لیگ کھیلنے کی دعوت دی لیکن کچھ خاندانی مسائل اور مصروفیات کی بنا پر وہ شرکت نہیں کر سکیں گے۔

آفریدی نے کہا کہ وہ کرکٹ کے ذریعے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کے فروغ کی کوششوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق کپتان آئندہ ہفتے لاہور جائیں گے جہاں وہ ورلڈ الیون کا میچ دیکھنے کے ساتھ ساتھ پی سی بی کی جانب سے 14 ستمبر کو منعقد کی جانے والی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔