کھیل

آزادی کپ کیلئے میچ آفیشلز کے ناموں کا اعلان

پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان تین ٹی20 میچوں کی سیریز میں کوئی بھی غیر ملکی امپائر فرائض انجام نہیں دے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آزادی کپ کیلئے میچ آفیشلز کے ناموں کا اعلان کردیا اور آئی سی سی ایلیٹ پینل میں موجود کوئی بھی غیر ملکی امپائر میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام نہیں دے گا۔

پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان 12 ستمبر کو کھیلے جانے والے پہلے میچ میں امپائرنگ کے فرائض نامور پاکستانی امپائر علیم ڈار اور احسن رضا انجام دیں گے جبکہ شوزاب رضا تھرڈ امپائر ہوں گے۔

13 ستمبر کو دوسرے میچ میں احمد شہاب اور شوزاب رضا جبکہ 15 ستمبر کو ہونے والے تیسرے میچ میں احسن رضا اور شوزاب رضا امپائرنگ کریں گے۔

دوسرے میچ میں تھرڈ امپائر احسن رضا جبکہ تیسرے میچ میں یہ فرائض احمد شہاب انجام دیں گے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونل نے سیریز کیلئے سابق ویسٹ انڈین کپتان اور آئی سی سی کے ایلیٹ ریفری پینل کے رکن رچی رچرڈسن کو میچ ریفری کے فرائض سونپے ہیں لیکن سیریز میں کوئی بھی ایلیٹ پینل کا غیر ملکی امپائر فرائض انجام نہیں دے گا۔

پاکستان کے علیم ڈار صرف ایک میچ کی امپائرنگ کریں گے کیونکہ انہوں نے 13 سے 15ستمبر تک آئی سی سی کے میچ آفیشلز کی سالانہ ورکشاپ میں حصہ لینا ہے جس میں نئی پلیئنگ کنڈیشنز کے علاوہ دیگر معاملات زیر بحث آئیں گے ۔

جنوبی افریقی کپتان فاف ڈیو پلیسی کی زیر قیادت ورلڈ الیون 11 ستمبر کو لاہور پہنچے گی جہاں ٹیم کی کوچنگ کی ذمے داریاں سابق انگلش کوچ اینڈی فلاور کو سونپی گئی ہیں۔