کھیل

آئی سی سی سیکیورٹی ٹیم کا قذافی اسٹیڈیم کا دورہ

آئی سی سی کی خصوصی سیکیورٹی ٹیم نے قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کر کے ورلڈ الیون سے سیریز کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی خصوصی سیکیورٹی ٹیم نے ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے سلسلے میں قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کر کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

آئی سی سی کی دو رکنی ٹیم تین ٹی20 میچوں کی سیریز کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے گزشتہ روز لاہور پہنچی تھی جہاں آزادی کپ کے تینوں میچ 12، 13 اور 15 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے آفیشلز نے فول پروف انتظامات پر سیکیورٹی ٹیم کو بریفنگ دی اور یقین دلایا کہ فاف ڈیو پلیسی کی قیادت میں آنے والی 14 رکنی ٹیم کو صدارت سطح کی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

اس کے ساتھ ورلڈالیون کے دورے کے حوالے سے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کا بھی اہم اجلاس ہوا جس میں انتظامات حتمی شکل دینے پر غور کیا گیا۔

بارہ ستمبر سے شروع ہونے والے آزادی کپ کیلئے شائقین کرکٹ کا جوش و خروش ابھی سے عروج پر پہنچ گیا ہے اور ٹکٹوں کے حصول کیلئے ہر کوئی دوسرے پر بازی لینے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

ٹکٹوں کی فروخت کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے اور 500 اور آٹھ ہزار مالیت کے جنرل انکلوژر اور وی وی آئی پی ٹکٹ آن لائن فروخت ہو گئے ہیں جبکہ ڈھائی ہزار، چار ہزار اور چھ ہزار روپے کے مالیت کے ٹکٹ بھی بڑی تعداد میں فروخت ہو چکے ہیں۔

صارفین کی آسانی کیلئے شہر کے پانچ مقامات پر ٹکٹوں کی فروخت کیلئے بوتھ لگائے جائیں گے۔

ورلڈ الیون کی ٹیم فاف ڈیو پلیسی کی قیادت میں 11 ستمبر کو لاہور پہنچے گی اور 12 ستمبر کو پہلے میچ سے سیریز کا آغاز ہو گا۔