کھیل

’توقع نہیں تھی کہ انگلینڈ کو 211 رنز پر آؤٹ کر دیں گے‘

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے انگلینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی کا سہرا پوری ٹیم کے سر باندھ دیا۔

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے انگلینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی کا سہرا پوری ٹیم کے سر باندھتے ہوئے کہا ہے کہ فائنل جیت کر چہیمپیئنز ٹرافی میں فتح کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل میچ میں آٹھ وکٹ سے فتح کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ پہلے میچ میں بھارت کے خلاف فتح کے بعد ہمارا مورال گر گیا تھا لیکن تمام تر کریڈٹ ٹیم مینجمنٹ کو جاتا ہے جنہوں نے ہمارے حوصلے بلند رکھے اور کھلاڑیوں کو بھی کریڈٹ جاتا ہے، ہم بیٹنگ اور فیلڈنگ بہت اچھی کر رہے ہیں اور آج ہماری بیٹنگ بھی بہترین رہی۔

’تمام کھلاڑیوں کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے، سب سے پہلے کریڈٹ سلیکشن کمیٹی کو جاتا ہے جنہوں نے ان لڑکوں کو منتخب کیا اور پھر ان لڑکوں کو بھی عمدہ کارکردگی کا سہرا جاتا ہے جنہوں نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا‘۔

محمد عامر کے حوالے سے سوال پر سرفراز نے کہا کہ عامر کی کمر میں تھوڑا مسئلہ تھا اس لیے وہ میچ نہیں کھیلے لیکن وہ فائنل کیلئے فٹ ہوں گے۔ وہ ہمارے اسٹرائیک باؤلر ہیں اور فائنل کھیلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حسن علی کو کوئی انجری نہیں، فیلڈنگ کے دوران تھوڑا مسئلہ ہوا تھا لیکن وہ بہت شاندار باؤلنگ کر رہے ہیں اور فائنل میں حصہ لیں گے۔

اس موقع پر انہوں نے خصوصی طور پر فاسٹ باؤلرز کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مجھے توقع نہیں تھی کہ ہم انگلینڈ کو 211 رنز پرڈھیر کر دیں گے لیکن کریڈٹ باؤلرز کو جاتا ہے خصوصاً شاداب نے جو روٹ کو آؤٹ کر کے پلیٹ فارم فراہم کیا جس کے بعد حسن علی، جنید خان اور رومان رئیس نے عمدہ باؤلنگ کرتے انگلش ٹیم کو 211 رنز پر آل آؤٹ کردیا۔

اوول میں فائنل میچ میں حوالے سے سوال پر سرفراز نے کہا کہ ہمارا گروپ ایسا تھا کہ ہم نے ایک بھی میچ اوول میں نہیں کھیلا لیکن ہم لندن پہنچ کر صورتحال سے ہم آہنگ ہونے کی کوشش کریں گے اور فائنل میں اپنی بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے چیمپیئنز ٹرافی جیتنے کی کوشش کریں گے۔