کھیل

انگلینڈ کا سیمی فائنل میں اہم تبدیلی پر غور

پاکستان کے خلاف سیمی فائنل میچ میں انگلینڈ کی ٹیم آؤٹ آف فارم جیسن رائے کو بٹھانے پر غور کر رہی ہے۔

انگلینڈ کے کپتان آئن مورگن نے پاکستان کے خلاف چیمپیئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میچ کیلئے آؤٹ آف فارم جیسن رائے کی جگہ جونی بیئراسٹو کو کھلانے کا عندیہ دے دیا ہے۔

انگلش اوپنر جیسن رائے ان دنوں بدترین فارم سے دوچار ہیں اور گزشتہ آٹھ ون ڈے میچوں میں ان کی اوسط 6.37 کی رہی اور وہ صرف دو مرتبہ ڈبل فیگر میں داخل ہو سکے۔

منگل کو کارڈف میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مورگن نے اپنی فائنل الیون کا اعلان تو نہیں کیا تاہم انہوں نے جیسن رائے کو ڈراپ کر کے بیئراسٹو کو میدان میں اتارنے کا عندیہ دیا۔

یاد رہے کہ بیئراسٹو نے آج تک بحیثیت اوپنر ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں انگلینڈ کی نمائندگی نہیں کی لیکن انہوں نے گزشتہ ماہ یارکشائر سے کھیلتے ہوئے ڈرہم کے خلاف 174 رنز کی باری کھیل کر کیریئر کی سب سے بڑی لسٹ اے اننگز کھیلی تھی۔

مورگن نے کہا کہ ہم ٹورنامنٹ جیتنا چاہتے ہیں اور اسی لیے ہم کسی کھلاڑی کا بوجھ برداشت نہیں کر سکتے۔ ہمیں ٹورنامنٹ جیتنے کیلئے اپنی بہترین ٹیم میدان میں اتارنا ہو گی۔

ادھر پاکستان کے کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ اگر انگلینڈ نے سیمی فائنل میں جیسن رائے کو میدان میں نہ اتارا تو یہ بہت خوش آئند امر ہو گا کیونکہ وہ ایک بہترین کھلاڑی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ بیئراسٹو ایک بہترین کھلاڑی ہیں اور گزشتہ سال ہمارے خلاف اپنی ٹیم کو ایک میچ جتا چکے ہیں لیکن انہوں نے آج تک انٹرنیشنل سطح پر اوپننگ نہیں کی جو ایک بالکل مختلف کھیل ہے۔