کھیل

کوہلی کے پرفارم نہ کرنے کا سبب بھی پاکستان؟

بھارتی فینز نے ویرات کوہلی کے صفر پر آؤٹ ہونے کا سارا ملبہ پاکستانی اسپورٹس اینکر پر ڈال دیا۔

آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے آٹھویں میچ میں سری لنکا نے فیورٹ قرار دی جانے والی ٹیم بھارت کو 7 وکٹ سے شکست دے کر ایونٹ کا بڑا اَپ سیٹ کردیا۔

ایسے میں بھارتی کرکٹ فینز کا غم و غصے کا اظہار کرنا تو بنتا تھا اور وہ کافی ناامید ہوئے بھی، جس کا اندازہ سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی جانے والی ان ٹوئیٹس سے لگایا جاسکتا ہے۔

سری لنکا کے خلاف بیٹنگ میں بھارت کو بڑا دھچکا اُس وقت لگا جب کپتان ویرات کوہلی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

روہت شرما، شیکھر دھاون اور مہندرا سنگھ دھونی کی جانب سے شاندار کھیل کے مظاہرے اور 321 کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجانے کے باوجود بھی بھارت یہ میچ جیت نہ سکا۔

ایسے میں ویرات کوہلی کا صفر پر آؤٹ ہونا کرکٹ فینز کے لیے موضوع بحث بنا رہا اور جب انہیں اس کا کوئی ذمہ دار سمجھ نہ آیا تو سارا ملبہ پاکستانی اسپورٹس اینکر زینب عباس پر ڈال دیا۔

بھارتی ویب سائٹ ذی نیوز کے مطابق پاکستان کے نجی ٹیلی ویژن چینل 'دنیا نیوز' کی اسپورٹس اینکر اور تجزیہ کار زینب عباس کو کوہلی کی خراب پرفارمنس کی وجہ اس لیے قرار دیا جاتا رہا کیونکہ انہوں نے کوہلی کے ساتھ سیلفی لی تھی۔

خیال رہے کہ زینب عباس نے ویرات کوہلی کے ساتھ لی گئی یہ تصویر یکم جون کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی تھی۔

ٹوئٹر صارفین نے اس سے قبل زینب عباس کی ویرات کوہلی اور جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈویلیئر کے ساتھ سیلفی کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ یہ دونوں کھلاڑی زینب کے ساتھ سیلفی کے بعد صفر پر آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کے کپتان کے ساتھ ان کی یہ سیلفی پاکستان اور جنوبی افریقہ کے ٹاکرے سے قبل لی گئی تھی اور کپتان اے بی ڈی ویلیئرز اگلے ہی میچ میں پہلی بار صفر پر آؤٹ ہوگئے تھے۔

ایک صارف نے تو یہاں تک لکھ ڈالا کہ 'آئی سی سی ایونٹس میں زینب عباس کی بھارتی کھلاڑیوں سے دوری کو یقینی بنانے کے لیے پٹیشن کا آغاز کرتا ہوں'۔

اس دلچسپ صورتحال میں پاکستانی ٹوئٹر صارفین بھی خوب محظوظ ہوتے رہے اور زینب سے مزید فرمائش کر ڈالی کہ وہ اگلی سیلفی سری لنکن کپتان انجیلیو میتھیوس کے ساتھ لے لیں۔

خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا پیر (12 جون) کو ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گے۔