چیمپیئنز ٹرافی میں فیورٹ بھارت کو سری لنکا سے شکست
لندن: سری لنکا نے ایونٹ کا بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے چیمپیئنز ٹرافی کی فیورٹ ٹیم بھارت کو سات وکٹ سے شکست دے دی۔
سری لنکا کے کپتان اینجلو میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا اور انڈین اوپنرز نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ فیصلہ غلط ثابت کر دکھایا۔
پاکستان کے خلاف 136 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کرنے والے روہت شرما اور شیکھر دھاون نے ایک مرتبہ پھر شاندار بیٹنگ کی اور 138 رنز کا بہترین آغاز فراہم کر کے بڑے اسکور کی بنیاد رکھی۔
روہت شرما 78 رنز بنانے کے بعد لاستھ ملنگا کی وکٹ بنے لیکن بھارت کو اس وقت دھچکا لگا جب ویرات کوہلی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جبکہ گزشتہ میچ کے مین آف دی میچ یوراج سنگھ کی اننگز بھی سات رنز تک محدود رہی۔
البتہ دوسرے اینڈ سے دھاون نے شاندار بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی اور دھونی کے ساتھ چوتھی وکٹ کیلئے 82 رنز جوڑے۔
وہ 125 رنز کی شاندار اننگز کھیلے کے بعد پویلین لوٹے جس کے بعد مہندرا سنگھ دھونی نے جارحانہ بیٹگ کا بیڑا اٹھایا اور ان کے 63 رنز کی بدولت انڈین ٹیم مقررہ اوورز میں 321 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجانے میں کامیاب رہی۔