پاکستان نے عالمی نمبر ایک جنوبی افریقہ کو شکست دے دی
برمنگھم: عالمی نمبر آٹھ پاکستان نے چیمپیئنز ٹرافی کے اہم میچ میں عالمی نمبر ایک جنوبی افریقہ کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 19 رنز سے شکست دے کر اپ سیٹ کردیا۔
یہ پاکستان کی ایونٹ میں آٹھ سال بعد پہلی کامیابی ہے جس کی بدولت گرین شرٹس نے سیمی فائنل میں رسائی کی امیدیں بھی برقرار رکھیں۔
ایجبسٹن میں کھیلے گئے گروپ بی کے میچ میں جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
ہاشم آملا اور کوئنٹن ڈی کوک نے پروٹیز کو 40 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اس سے قبل کہ یہ شراکت خطرناک ثابت ہوتی، عماد وسیم نے ہاشم آملا کو پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔
فاف ڈیو پلیسی اور ڈی کوک نے اسکور 60 تک پہنچایا ہی تھا کہ محمد حفیظ نے 33 رنز بنانے والے جنوبی افریقی بلے باز کی اننگز کا خاتمہ کردیا جبکہ اگلے ہی اوور میں ڈی ویلیئرز گولڈن ڈک کا شکار ہوئے۔
مزید پڑھیں: فخر زمان نے سابق عظیم کپتانوں کو اپنا مداح بنا لیا
تین وکٹیں گرنے کے بعد ڈیوڈ ملر اور ڈیو پلیسی نے اسکور کو بتدریج آگے بڑھانا شروع کیا لیکن اسکور 90 تک پہنچا ہی تھا کہ سرفراز احمد نے حسن علی کو باؤلنگ پر متعارف کرایا جنہوں نے ڈیو پلیسی کی وکٹیں بکھیر کر کپتان کا اعتماد درست ثابت کیا۔