نیوزی لینڈ کو شکست دے کر انگلینڈ سیمی فائنل میں
انگلینڈ نے جیک بال اور لیام پلنکٹ کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو باآسانی 97 رنز سے شکست دے کر چیمپیئنز ٹرافی کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔
کارڈف میں کھیلے گئے گروپ اے کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
اوپنرز نے انگلینڈ کو 37 رنز کا آغاز فراہم کیا ہی تھا کہ جیسن رائے 13 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد گزشتہ میچ کے مین آف دی میچ جو روٹ کی وکٹ پر آمد ہوئی اور انہوں نے ہیلز کے ساتھ مل کر مجموعے کو 118 تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر انگلینڈ کو یکے بعد دیگرے دو نقصان اٹھانے پڑے اور 56 رنز بنانے والے ہیلز کے بعد مورگن بھی جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔
روٹ نے اپنی پیش قدمی جاری رکھی اور بین اسٹوکس کے ساتھ مل کر اسکور کو 188 تک پہنچا دیا، وہ 64 رنز بنانے کے بعد کوری اینڈرسن کی گیند پر اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے۔