کھیل

جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیوں کا اعلان

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے جنوبی افریقہ کے خلاف فتح کا عزم ظاہر کرتے ہوئے ٹیم میں دو تبدیلیوں کا اعلان کردیا۔

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں فتح کا عزم ظاہر کرتے ہوئے ٹیم میں دو تبدیلیوں کا اعلان کردیا۔

برمنگھم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ میں نوجوان کھلاڑیوں نے دباؤ زیادہ لے لیا تھا لیکن اب کوشش ہے کہ کھلاڑی بھارت کے خلاف شکست کو بھول جائیں۔

بھارت کے خلاف ایونٹ کے پہلے میچ میں 124 رنز کی شکست کے بعد پاکستان کو سیمی فائنل مرحلے میں رسائی کیلئے اگلے دونوں میچوں میں لازمی فتح درکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف ہمارا پلان تھا کہ عماد وسیم سے آغاز میں باؤلنگ کروائیں اور ویرات کوہلی کےخلاف اپنے اہم باؤلر کو استعمال کریں۔

سرفراز کا کہنا تھا کہ ہم نے 40 اوورز تک میچ پر کنٹرول رکھا ہوا تھا لیکن آخری اوورز میں ہماری باؤلنگ اچھی نہیں کی جس کے سبب ساری محنت رائیگاں گئی۔

اس موقع پر ان سے سوال کیا گیا کہ آپ نے بھارت کے خلاف میچ سے قبل کچھ نیا کرنے کی بات کی تھی جس پر سرفراز نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم نے جو پلان بنایا تھا اس پر عمل درآمد نہیں کر سکے۔

جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہم دو تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور احمد شہزاد کی جگہ فخر زمان کو کھلایا جائے گا جبکہ وہاب ریاض کی جگہ جنید خان کھیلیں گے۔

یاد رہے کہ وہاب ریاض بھارت کے خلاف میچ کے دوران انجری کا شکار ہو کر ایونٹ سے باہر ہو چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم مضبوط ہے لیکن ہم اپنی بہترین کارکردگی پیش کرتے ہوئے میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔