چیمپیئنز ٹرافی:بھارت کےخلاف میچ کیلئے پاکستانی ٹیم کا اعلان
آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں بھارت کے خلاف ہائی وولٹیج ٹاکرے کے لیے پاکستان کی 12 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔
برمنگھم میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 12 رکنی ٹیم میں اظہر علی، احمد شہزاد، بابر اعظم، شعیب ملک اور سرفراز احمد شامل ہیں۔
اس کے علاوہ محمد حفیظ، شاداب خان، عماد وسیم، فہیم اشرف، وہاب ریاض، محمد عامر اور حسن علی کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
جنید خان، حارث سہیل اور فخر زمان کو بھارت کے خلاف میچ سے ڈراپ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’بھارت کو پاکستان پر نفسیاتی برتری حاصل ہو گی‘
مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ کرکٹ بہت جدید ہوگئی ہے، پریکٹس سیشن میں کھلاڑیوں نے اسی انداز میں پریکٹس کی ہے، بھارت کے خلاف میچ میں بہترین ٹیم کھلائیں گے اور پوری امید ہے کہ قومی ٹیم فاتح ہوگی۔
’کھلاڑیوں کو دباؤ نہ لینے کی تلقین‘
اس موقع پر کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف میچ کے لیے پلان تیار کرلیا ہے اور اتوار کو میچ میں ٹیم الگ نظر آئے گی۔
مزید پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان نے کیا کھویا، کیا پایا؟
انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو میچ میں دباؤ نہ لینے کی تلقین کی ہے، میچ میں بھارتی ٹیم پر زیادہ دباؤ ہوگا، بھارت کی ٹیم مضبوط ہے لیکن جو اچھا کھیلےگا وہ جیتے گا۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ بھارت کابیٹنگ آرڈر مضبوط ہے، ہماراپہلا ہدف بھارت کی ٹیم کو جلدآؤٹ کرنا ہوگا، جبکہ بھارت کے خلاف جدید حکمت عملی کے ساتھ کھیلیں گے۔