کھیل

’بھارت کو پاکستان پر نفسیاتی برتری حاصل ہو گی‘

سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ ہندوستانی ٹیم کو موجودہ فارم کی بنیاد پر پاکستان پر نفسیاتی برتری حاصل ہو گی۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان میچ کیلئے پڑوسی ملک کو فیورٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف بھارت کو نفسیاتی برتری حاصل ہو گی۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے خلاف موجودہ فارم کی بنیاد پر ہندوستانی ٹیم کو نفسیاتی برتری حاصل ہے لیکن میں محسوس کرتا ہوں کہ پاکستان کے پاس اتنی اچھی باؤلنگ موجود ہے جو انگلش کنڈیشنز میں بھارتی بیٹنگ لائن کیلئے چیلنج بن سکتی ہے۔

آئی سی سی کی ویب سائٹ کیلئے لکھے گئے خصوصی کالم میں انہوں نے ہندوستان کے خلاف گزشتہ سالوں میں کھیلے گئے میچوں کی یادگار لمحات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ہندوستانی کھلاڑیوں سے دوستانہ تعلقات رہے۔

انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ سیاسی تناؤ کے سبب دنووں ٹیموں کے درمیان میچز نہ ہونے پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔

یاد رہے کہ 2007 کے بعد سے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کوئی دوطرفہ سیریز نہیں کھیلی گئی اور ہندوستان پاکستان پر دہشت گردوں کو پناہ دینے اور دہشت گردی کو فروغ دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے ان کے ساتھ کھیلنے سے مسلسل انکار کرتا رہا ہے۔

شاہد آفریدی نے مزید لکھا کہ بدقسمتی سے دونوں ملکوں کے درمیان کشیدہ تعلقات کے سبب دونوں ٹیموں کے درمیان تواتر سے میچز نہیں ہوتے لیکن میں اپنے ہندوستانی دوستوں کے ساتھ خوبصورت دنوں کی کمی بہت شدت سے محسوس کرتا ہوں اور مجھے یقین ہے کہ وہ بھی ایسا ہی محسوس کرتے ہوں گے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات جلد معمول پر آ جائیں گے اور پرانے دوست ایک مرتبہ پھر ساتھ بیٹھ کر ماضی کی یادیں تازہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مضبوط بیٹنگ لائن کے سبب ہندوستان کو برتری حاصل ہے لیکن میری نیک تمنائیں قومی ٹیم کے ساتھ ہیں اور میں امید کرتا ہوں کہ وہ میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

پاکستان اور ہندوستان کے درمیان میچ چار جون کو ایجبسٹن میں کھیلا جائے گا جو چیمپیئنز ٹرافی میں دونوں ٹیموں کا افتتاحی میچ ہو گا۔