بارش کے سبب آسٹریلیا، نیوزی لینڈ کا میچ منسوخ
چیمپیئنز ٹرافی میں بارش نیوزی لینڈ کی ٹیم کے ارمان بہا لے گئی اور آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا۔
ایجبسٹن میں کھیلے جا رہے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو مارٹن گپٹل کے 22 رنز کی بدولت اوپنرز نے انی ٹیم کو 40 رنز کا آغاز فراہم کیا۔
گپٹل کے پویلین لوٹنے کے کچھ دیر میچ میں بارش نے مداخلت کر دی جس کے سبب ڈیڑھ گھنٹے سے زائد کھیل ممکن نہ ہو سکا اور جب میچ دوبارہ شروع ہوا تو اسے 46 اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا۔
بارش رکنے کے بعد لیوک رونچی نے تیز رفتاری سے بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی سنچری مکمل کرائی لیکن اس سے قبل کہ وہ مزید مشکلات کا سبب بنتے جان ہیسٹنگز نے 43 گیندوں پر 65 رنز بنانے والے وکٹ کیپر بلے باز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔
اس کے بعد کپتان کین ولیمسن کا ساتھ نبھانے روس ٹیلر آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 99 رنز کی ساجھے داری قائم کر کے اپنی ٹیم کو مضبوط مقام تک پہنچا دیا، روس ٹیلر بھی 46 رنز بنانے کے بعد ہیسٹنگز کی وکٹ بنے۔