پاک بھارت میچ میں 22سالہ دوستی کا امتحان
چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے سبب 22 سال پرانے دو بچپن کے دوست ایک دوسرے کے حریف بن گئے۔
چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کا سب کو انتہائی شدت سے انتظار ہے اور دونوں ہی جانب سے اس سلسلے میں بیان بازی کا سلسلہ جاری ہے لیکن اس میچ کے سبب 22 سال پرانے دو بچپن کے دوست ایک دوسرے کے حریف بن گئے ہیں۔
ہندوستانی ٹینس اسٹار روہن بوپنا اور پاکستان کے اعصام الحق بچپن کے دوست ہیں اور ماضی میں ٹینس پارٹنر رہتے ہوئے ’جنگ بند کرو، ٹینس کھیلو‘ کے نعرے کے ساتھ دونوں ملکوں کے درمیان امن کے قیام کیلئے کوششوں میں مصروف رہے ہیں۔
تاہم اتوار کو چیمپیئنز ٹرافی میں روایتی حریفوں کے درمیان ہونے والے میچ میں آٹھ گھنٹے تک یہ دونوں ایک دوسرے کے حریف ہوں گے۔
بوپنا کے والد کافی اگاتے ہیں جبکہ اعصام الحق کے دادا 1947 میں تقسیم سے قبل آل انڈیا ٹینس چیمپیئن رہ چکے ہیں اور دونوں ہی کھلاڑیوں کی نگاہیں برمنگھم میں ہونے والے میچ پر مرکوز ہیں۔