کھیل

چیمپئنز ٹرافی کی انعامی رقم میں اضافہ

ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کو 22 لاکھ ڈالر، رنر اپ کو 11 لاکھ جبکہ سیمی فائنلسٹ ٹیموں کو ساڑھے 4 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آئندہ ماہ انگلینڈ میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کی فاتح ٹیم کے لیے انعامی رقم کا اعلان کردیا۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیم کو 22 لاکھ ڈالر بطور انعامی رقم دیے جائیں گے۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی مجموعی انعامی رقم میں 2013 میں ہونے والے ٹورنامنٹ کے مقابلے میں 5 لاکھ ڈالر کا اضافہ کیا گیا ہے اور اب یہ 45 لاکھ ڈالر ہوگیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی: ڈیڈلائن ختم، بھارتی ٹیم کا اعلان نہ ہوا

یکم جون سے 18جون تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ کی رنر اپ ٹیم کو 11 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے جبکہ سیمی فائنل تک پہنچنے والی دیگر دو ٹیموں کو ساڑھے چار لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔

گروپ میں تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیم 90 ہزار ڈالر کی حقدار ٹھہرے گی جبکہ آخری نمبر پر آنے والے ٹیموں کو 60، 60 ہزار ڈالر ادا کیے جائیں گے۔

علاوہ ازیں آئی سی سی نے ایونٹ میں شریک کرکٹ ٹیموں کے کپتانوں کی جانب سے کیے جانے والے پریس کانفرنسز کی تفصیلات بھی جاری کردیں۔

مزید پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی کیلئے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان، کامران ڈراپ

24 مئی کو لندن میں سب سے پہلے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان اسٹیو اسمتھ لارڈز میوزیم میں پریس کانفرنس کریں گے۔

25 مئی کو بھارتی کپتان ویرات کویلی، سری لنکن کپتان انجیلو میتھیوز اور نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن جبکہ 26 مئی کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد میڈیا سے گفتگو کریں گے۔

یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں 8 ٹیمیں شرکت کریں گی جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ بھارتی کرکٹ ٹیم ایونٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔

پاکستانی ٹیم گروپ بی میں ہندوستان، سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے ساتھ موجود ہے۔

ایونٹ میں پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ 4 جون کو روایتی حریف ہندوستان کے خلاف برمنگھم میں کھیلے گی جس کے بعد دوسرا میچ 7 جون کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا جائے گا جبکہ آخری راؤنڈ میچ سری لنکا سے 12جون کو ہو گا۔

گروپ اے میں آسٹریلیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔