سائنس و ٹیکنالوجی

ایل جی کا 'وال پیپر' ٹیلیویژن

ایل جی نے ایسا ٹی وی متعارف کرایا ہے جسے کسی وال پیپر کی طرح دیوار پر لگایا جاسکتا ہے۔

معروف کمپنی ایل جی نے ایسا ٹی وی متعارف کرایا ہے جسے کسی وال پیپر کی طرح دیوار پر لگایا جاسکتا ہے۔

یہ ہے ایل جی کا انتہائی پتلا او ایل ای ڈی ٹی وی، 65 انچ اسکرین کے اس ٹیلیویژن کی موٹائی محض 2.57 ملی میٹر ہے جسے مقناطیس کی مدد سے دیوار پر لٹکایا جاسکتا ہے، جس سے ایسا لگتا ہے جیسے ہم کسی اور دنیا کو کھڑکی سے دیکھ رہے ہیں۔

اسے کمپنی نے وال پیپر ٹی وی کا ہی نام دیا ہے تاہم ابھی تک اس کی فروخت کی تاریخ یا قیمت کے بارے میں تفصیلات سامنے نہیں لائی گئیں۔

فوٹو بشکریہ ایل جی

اس میں ایک ہی کیبل ہے جس میں تمام کنکٹرز کو منسلک کیا گیا ہے جبکہ وائی فائی اور چار ایچ ڈی ایم آئی بھی موجود ہیں۔

اسی طرح ٹی وی پر 4k ویڈیو اور ایچ ڈی آر ٹیک بھی موجود ہیں۔

اس اسمارٹ ٹی وی کے لیے ویب او ایس 3.5 آپریٹنگ سسٹم دیا گیا ہے اور یہ گزشتہ سال کے ایل جی ٹی وی کے مقابلے میں 25 فیصد زیادہ برائٹ اسکرین کے ساتھ ہے۔

ایل جی نے اس ٹی وی کو لاس ویگاس میں جاری سی ای ایس نمائش کے دوران متعارف کرایا جس کے ساتھ ایک ایسا کانسیپٹ ٹی وی بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا جو کسی شیشے کی طرح شفاف تھا۔

ایل جی کے اس منفرد ٹی وی کے آر پار دیکھا جاسکتا ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ عام نشریات کو بھی اسکرین پر دیکھا جاسکے گا۔

دیکھنے میں یہ کسی کھڑکی کی طرح ہے مگر جب یہ کام کرتا ہے تو لوگوں کو کسی جادوئی آئینے کا ہی خیال آتا ہے۔