دنیا

کرین حادثہ: 'موسم اچانک 15ڈگری تبدیل ہوا'

سعودی ماہرکےمطابق طوفانی ہوا اور تیزبارش سے درجہ حرارت 40 سے 25 ڈگری سینٹی گریڈ پر آگیا تھا، کرین گرنے کی وجہ تیز ہواتھی

ریاض: مسجد الحرام میں کرین حادثہ ہونے کی وجوہات پر مختلف ماہرین غور کر رہے ہیں جبکہ سعودی حکومت بھی تحقیقات کر رہی ہے۔

عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایک سعودی ماہر موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفانی ہوا ٹاور کرین سے اس قدر زور دار انداز سے ٹکرائی کہ وہ مسجد الحرام کی چھت پر گر گئی۔

یہ بھی پڑھیں : مسجد الحرام کرین حادثہ، 107 افراد جاں بحق

کنگ عبد العزیز یونیورسٹی کے سینٹر آف ایکسیلنس فار کلائمٹ چینج ریسرچ کے ڈائریکٹر پروفیسر منصور المزروعی کا کہنا تھا کہ کرین گرنے کہ اصل وجہ تیز ہوا ہی تھی۔

پروفیسر منصور المزروعی نے مزید کہا کہ ایک ویڈیو کلپ میں یہ بھی دیکھا گیا کہ آسانی بجلی کرین پر گری ہے جس کے بعد کرین زمین پر گر پڑی۔

مزید پڑھیں : مسجد الحرام کرین حادثہ: 6 پاکستانی جاں بحق

خیال رہے کہ دوروز قبل مکہ میں مسجد الحرام میں ایک بڑی کرین گر گئی تھی جس سے نیچے دب کر 107 عازمین حج جاں بحق اور 238 زخمی ہوئے تھے.

حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد 6 جبکہ زخمی 47 تھے۔

مسجد الحرام میں تیز ہوا چل رہی تھی

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر مختلف تصاویر اور ویڈیوز شئیر کی جا رہی ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آسمانی بجلی کرین پر گر رہی ہے جس کے بعد کرین بھی زمین کی طرف آ رہی ہے.

اسی طرح بعض ویڈیوز میں کرین کے گرنے کی خوفناک آواز سنائی دے رہی ہے جبکہ بعض افراد نے کرین سے ہونے والے نقصانات کی تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔

کنگ عبد العزیز یونیورسٹی کے پروفیسر کا مزید کہنا تھا کہ یہ انتہائی افسوسنا ک واقعہ تھا۔

منصور المزروعی نے بتایا کہ مکہ میں اس سہہ پہر 3 سے 4 بجے کے درمیان ہی شدید طوفان بننا شروع ہو گیا تھا جس کے باعث گرج چمک کے ساتھ بارش شروع ہو گئی تھی اس وقت تیز ہوائیں بھی چل رہی تھیں جبکہ شام 5 بجے تک ہوا کی رفتار 65 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد ہو چکی تھی۔

مزید پڑھیں : مسجد الحرام کرین حادثہ: 47 پاکستانی زخمی

موسم میں اچانک تبدیلی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اسی وجہ سے صرف چند منٹ میں درجہ حرارت میں 15 ڈگری سینٹی گریڈ کی تیزی سے کمی آئی تھی اور درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے 25 ڈگری سینٹی گریڈ پر آ گیا تھا۔

آنے والے دنوں کے موسم کے حوالے سے سینٹر آف ایکسیلنس فار کلائمٹ چینج ریسرچ کے ڈائریکٹر نے کہا کہ مکہ سمیت سعودی عرب میں اچانک موسم کی تبدیلی کا یہ عمل جاری رہے گا۔