پاکستان

عمران اورشیخ رشیدپردہشت گردگروپوں سےرابطوں کا الزام

وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق عمران خان دہشت گردوں کو ٹھیکہ دے رہے ہیں، 30نومبر کو جو بھی ہوا تحریک انصاف ذمہ دار ہوگی۔
|

اسلام آباد۔: حکومت نے عمران خان اور شیخ رشید پر 30 نومبر کو بے امنی کے لیے دہشت گرد گروپوں سے رابطوں کا الزام لگا دیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ 30نومبر کو جو کچھ ہوا عمران خان کو اس کی ذمہ داری قبول کرنا ہوگی۔۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 30 نومبر کو دہشت گردی کرنے کا تہیہ کر لیا ہے۔

وہ کہہ رہے تھے کہ وہ دہشت گردوں کو ٹھیکہ دے رہے ہیں، ان کی اشتعال انگیز تقاریر پر کارکنان سرکاری عمارتوں پر حملہ آور ہوئے، فوٹیج موجود ہے، چیئرمین تحریک انصاف نے پی ٹی وی پر حملہ کرنے کا حکم دیا۔

تحریک انصاف کے سربراہ کے حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے کئی چہرے ہیں، شیخ رشید کی تقریر سے ملک میں فساد ہوا تو ذمہ دار عمران خان ہوں گے۔

وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے شیخ رشید کی تقریر کا حوالہ دے کر تحریک انصاف کے سربراہ سے سوال کیا کہ پہلے ہی بتا دیں انہوں نے شیخ رشید کی تقریر کے وقت وہ جاگ رہے تھے یا سو رہے تھے۔

پرویز رشید نے دونوں پر بے امنی کے لیے دہشت گرد گروپوں سے رابطے کا الزام بھی لگایا۔

وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ حکومت کا عمران خان کو گرفتار کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اشتہاری ملزم ہونے کے باوجود سیاسی رہنما ہیں جب کہ شیخ رشید کی گرفتاری سے متعلق سوال کے جواب میں پرویز رشید نے کہا کہ انہیں گرفتار کرنے کے بجائے کچھ گرفتاریاں یاد دلانا ہی کافی ہے۔

پرویز رشید نے ایک بار پھر پی ٹی آئی سے مذاکرات پر آمادگی ظاہر کی تاہم اس کے لیے آئین و قانون کے دائرے میں رہنے کی شرط بھی عائد کی۔