پاکستان

کوئٹہ: سریاب روڈ پر بم دھماکا، تین افراد ہلاک

ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے ایف سی کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، سیکیورٹی ایک اہلکار سمیت کم سے کم بیس افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کے علاقے سٹیلائٹ ٹاون میں سریاب روڈ پر آج علی الصبح ایک بم دھماکا ہوا ہے، جس میں تین افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

دھماکا اس قدر شدید تھا کہ پورا شہر لرز گیا۔

ڈان نیوز ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق دھماکے سے فرنٹیئر کور کی گاڑیوں کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا، جن میں سے دو گاڑیاں تباہ ہوگئیں، جبکہ ایک سیکیورٹی اہلکار سمیت لگ بھگ بیس افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

زخمیوں میں سے تین کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکا ریموٹ کنٹرول تھا، اور نامعلوم افراد نے بم ایک گاڑی میں نصب کیا تھا۔

سپریٹنڈنٹ پولیس عمران قریشی نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ دھماکے سے کئی دکانوں اور گاڑیوں کا نقصان پہنچا ہے۔ دھماکا اس قدر شددید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے سے متاثر ہونے والے تمام افراد عام شہری ہیں، اور ہلاک ہونے والے افراد راہگیر تھے، جو اپنے کاموں پر جارہے تھے۔

ایس پی آپریشنز نے ڈان نیوز ٹی وی کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بم ریموٹ کنٹرول تھا اور اس کا وزن تقریباً چالیس کلو تھا۔

ریسکیو ٹیموں نےموقع پر پہنچ کر اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کرنا شروع کردیا تھا۔

سی ایم ایچ اور سول اسپتال کی انتظامیہ نے فوری طور پر ہسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کردی تھی۔

پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ضروری کارروائی شروع کردی۔

اب تک کسی گروہ کی جانب سے اس بم دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ فرنٹیئر کور کی گاڑیوں کا قافلہ اپنے معمول کے گشت پر تھا، کہ نامعلوم عسکریت پسندوں کی جانب سے نصب کیے گئے بم کے ذریعے اس کو نشانہ بنایا گیا۔