پاکستان

بلوچستان پر حکومت اور فوج ہم خیال ہیں،وزیر اعلی

ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ' ہم سب بلوچستان میں پائیدارامن کے لیے ایک ساتھ کھڑے ہیں'۔

کوئٹہ: وزیر اعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ سویلین حکومت اور مسلح افواج صوبے سے متعلق معاملات پر ہم خیال ہیں۔

منگل کو کوئٹہ کے ایوب سٹیڈیم میں یوم آزادی کے سلسلے میں منعقدہ ایک اجتماع کے دوران صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلٰی نے کہا کہ فوجی اسٹیبلشمنٹ اور حکومت بلوچستان سے متعلق مسائل کے لئے ہم خیال ہیں۔

گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ، انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور بلوچستان میجر جنرل اعجاز شاہد اور صوبائی وزراء بھی تقریب میں موجود تھے.

صوبے میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ' ہم سب بلوچستان میں پائیدارامن کے لیے ایک ساتھ کھڑے ہیں'۔

اس موقع پر گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا کہ' آزادی اللہ تعالی کی نعمت ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'ہمارے آباؤ اجداد نے برطانوی استعمار سے آزادی حاصل کرنے کے لئے سلاخوں کے پیچھے اپنی زندگی کے قیمتی دن گزارے'۔

اس موقع پر انتظامیہ نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیئے سخت سیکورٹی کے اقدامات کر رکھے تھے۔