دنیا

غزہ پر اسرائیلی پابندیاں غیر منصفانہ ہیں،برطانوی ارکان پارلیمنٹ

پارلیمنٹ کی ایک کمیٹی نے کہا ہے کہ غزہ پر اسرائیل کی عائد کردہ بعض پابندیاں عالمی قوانین کی خلاف ورزی میں شمار ہوتی ہیں
|

لندن: برطانوی پارلیمان کی ایک کمیٹی نے وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ پراسرائیل کی جانب سے عائد سفری و تجارتی پابندیاں اٹھانے کے لئے دباؤ بڑھائیں۔

برطانوی ایوان زیریں (ہاؤس آف کامنز) کی مختلف جماعتوں کے ممبران پر مشتمل کمیٹی برائے بین الاقوامی ترقی (انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ) نے بدھ کے روز کہا کہ غزہ پر اسرائیل کی جانب سے عائد کردہ پابندیاں منصفانہ نہیں ہیں، بعض پابندیاں عالمی قوانین کی خلاف ورزی میں شمار ہوتی ہیں۔

کمیٹی نے برطانوی حکومت سے کہا ہے کہ وہ اسرائیلی حکومت پر یہ غیر منصفانہ پابندیاں ہٹانے کے لیے دباؤ ڈالے۔

یاد رہے کے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں کیے جانے والے آپریشن کی حمایت کرنے پر برطانوی وزیر اعظم کو پہلے ہی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

قبل ازیں منگل کے روز کنزرویٹو پارٹی کے اندر اس معاملے پر موجود اختلافات اس وقت کھل کر سامنے آئے جب پارٹی کی رکن اور خارجہ امور کی وزیر سعیدہ وارثی نے غزہ کے معاملے پر وزیر اعظم کی پالیسی کے خلاف احتجاجاً استعفیٰ دے دیا تھا۔