پاکستان

سعودی ایئر لائن کا پشاور سروس 7 اگست تک بند رکھنے کا فیصلہ

سعودی ایئرلائن نے پشاورکے باچا خان انٹرنیشنل ائر پورٹ سے اپنا فلائٹ آپریشن اکتیس جولائی کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

پشاور: سعودی ایئرلائن نے پشاورایئرپورٹ کے لیے اپنے فلائٹ آپریشن کی بندش کے فیصلے میں توسیع کردی ہے۔

ڈان ڈاٹ کام کے نمائندے نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ سعودی ایئرلائن کی جانب سے ایئر پورٹ انتظامیہ کو باقاعدہ تحریری طورپرآگاہ کر دیا گیا ہے، جس کے تحت سعودی ایئر لائن نے فلائٹ آپریشن کو سات اگست تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سے قبل سعودی ایئرلائن نے پشاورکے باچا خان انٹرنیشنل ائر پورٹ سے اپنا فلائٹ آپریشن اکتیس جولائی کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ پشاور ایئر پورٹ کی حدود میں پی آئی اے کے طیارے پر فائرنگ کے واقعہ کے بعد سعودی ایئر لائن سمیت امارات اور اتحاد ائرویز نے پشاور کے لیے اپنی سروس بند کردی تھی۔

گزشتہ ماہ ایمرٹس ایئرلائن نے اپنا فلائٹ آپریشن بحال کردیا،تاہم سعودی ایئر لائن کی جانب سے تاحال فلائٹ آپریشن بحال نہیں کیا گیا۔