زرداری امریکی نائب صدر کے ساتھ افطار کریں گے
واشنگٹن: پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری منگل کو امریکی نائب صدر جو بائیڈن کے ساتھ افطار ڈنر کریں گے۔
وہ اتوار کی شام واشنگٹن پہنچے تھے جہاں امریکا میں پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے ان کا استقبال کیا۔
یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہو ا ہے، جب ایک سابق حکمران کو پاکستانی سفیر کی طرف سے مکمل سفارتی پروٹوکول دیا گیا ۔
سابق صدر زرداری کی آمد کا اعلان وزیر اعظم نواز شریف کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی کی طرف سے کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے زرداری کے استقبال کے لیے سفیر بھیجنے کا فیصلہ کر کے ایک مثال قائم کی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ 'سیاسی انتقام کا خاتمہ ہونا چاہیے۔'
فاطمی 21 سے 28 جولائی تک امریکا کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں وہ امریکی محکمہ خارجہ، محکمہ دفاع اور وائٹ ہاؤس کے سینیئر حکام سے ملاقات کریں گے۔
طارق فاطمی 28 جولائی کو اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے، جس میں خطے میں امن کے قیام کے حوالے سے کوششوں اور اس کی وسعت پر بحث کی جائے گی۔