پاکستان

تحریک انصاف کا لانگ مارچ کی تاریخ تبدیل کرنے سے انکار

عمران خان نے کور کمیٹی کا اجلاس 15 جولائی کو طلب کر لیا،سیاسی صورتحال کے ساتھ آئی ڈی پیز کے معاملے پر تبادلہ خیال ہوگا۔

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس 15 جولائی کو طلب کر لیا ہے۔

تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اور مرکزی نائب صدر اسد عمر نے ڈان ڈاٹ کام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کور کمیٹی کے اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال کے ساتھ ساتھ آئی ڈی پیز کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ پہلے ہی حکومت سے مطالبہ کر چکے ہیں کہ بین الاقوامی اداروں کو بنوں میں آئی ڈی پیز کی امداد اور بحالی کے لیے اجازت دی جائے۔

شمالی وزیر ستان میں فوجی آپریشن کے نتیجے میں نقل مکانی کرکے آنے والے 8لاکھ سے زائد افراد کے باعث صوبائی حکومت مشکلات کا شکار ہو رہی ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما نے مزید بتایا کہ پارٹی کی قیادت 14اگست کے مارچ کے حوالے سے منصوبہ بندی پر بھی تبادلہ خیال کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم مستقل یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ حکومت کو 2013 میں عام انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کی تحقیقات کرنی چاہیے اور اس بات کی بھی تحقیقات کی جانے چاہیے کہ انگوٹھے پر استعمال کی جانے والی مخصوص سیاہی کیوں استعمال نہیں کی گئی، ہمارے مطالبات میں یہ بھی شامل ہے کہ 2018 کے عام انتخابات کے لیے اصلاحات کی جائیں۔

اسد عمر نے ڈان ڈاٹ کام کو مزید بتایا کہ حکومت اب تک تحریک انصاف کے مطالبات کو پورا نہیں کر سکی ہے اب یہ پی ٹی آئی کا آئین اور قانونی حق ہے کہ وہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے خلاف پر امن احتجاج کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف لانگ مارچ کی تاریخ کسی بھی صورت میں تبدیل نہیں کرے گی، پارٹی قیادت گزشتہ سال سے اس 14 اگست کا انتظار کر رہی تھی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی جانب سے تحریک انصاف کے سربراہ عمران سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ اسلام آباد کی جانب نکالے جانے والے لانگ مارچ کا شیڈول تبدیل کریں، 14اگست کو پورے ملک میں یوم آزادی منایا جائے گا۔